سام سنگ گلیکسی ایس 10 کی آمد میں کئی ماہ باقی ہیں مگر اس سیریز کے فونز کے بارے میں لیکس مسلسل سامنے آرہی ہیں۔

اب ایک نئی رپورٹ میں گلیکسی ایس 10 سیریز کے فونز کی رونمائی کی تاریخ، دستیابی کی تاریخ، اسٹوریج، اسکرین سائز اور برطانیہ کے لیے قیمتیں بھی سامنے آگئی ہیں۔

مزید پڑھیں : دنیا کا پہلا 4 بیک کیمروں والا سام سنگ فون اب پاکستان میں دستیاب

رپورٹ کے مطابق گلیکسی ایس 10 کو سام سنگ کی جانب سے اسپین میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس سے ایک ہفتے قبل 20 فروری کو متعارف کرایا جائے گا اور اس کے پری آرڈر بھی اسی وقت شروع ہوجائیں گے جبکہ صارفین کو 8 مارچ کو دستیاب ہوں گے۔

یہ فون 3 مختلف اسکرین سائز میں سامنے آئے گا یعنی ایس 10 لائٹ 5.8 انچ اسکرین، ایس 10 کا ڈسپلے 6.1 انچ جبکہ ایس 10 پلس 6.4 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا۔

ان تینوں کی تصاویر گزشتہ دنوں پہلے ہی لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں ، جبکہ ایک 5 جی ورژن بھی ہوگا تاہم اس کی تاریخ رونمائی فی الحال سامنے نہیں آسکی۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ گلیکسی ایس 10 کے تینوں ماڈلز کی لیک تصاویر سامنے آگئیں

اس رپورٹ کی سب سے اہم بات ان تینوں فونز کی قیمتوں اور اسٹوریج کی ہے۔

گلیکسی ایس 10 لائٹ میں کم از کم 128 جی بی اسٹوریج دی جائے گی جس کی قیمت 669 برطانوی پاﺅنڈز (ایک لاکھ 17 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی، ایس 10 اسٹینڈرڈ کا 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 799 پاﺅنڈز (ایک لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد) جبکہ 512 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 999 پاﺅنڈز (ایک لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد) کا ہوگا۔

آخر میں سب سے بڑا اور اس سیریز کی طاقتور ترین ڈیوائس ایس 10 پلس تین مختلف اسٹوریج ورژن میں دستیاب ہوگا۔

128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 899 پاﺅنڈز (ایک لاکھ 57 ہزار روپے سے زائد)، 512 جی بی والا ورژن 1099 پاﺅنڈز (ایک لاکھ 92 ہزار روپے سے زائد) جبکہ ایک ٹی بی اسٹوریج والا ماڈل 1399 پاﺅنڈز (2 لاکھ 45 ہزار روپے سے زائد) ہوگی۔

اس طرح یہ سام سنگ کی تاریخ کا مہنگا ترین اسمارٹ فون بھی ثابت ہوگا جبکہ ریم کے لحاظ سے بھی یہ سب سے طاقتور فون ہے جس میں 12 جی بی ریم دیئے جانے کا امکان ہے۔

ویسے یہ قیمتیں برطانیہ کی ہیں تو یہ کہنا مشکل ہے کہ پاکستان میں بھی یہی قیمتیں ہوں گی یا اس سے بھی زیادہ۔

اس بات کا امکان بھی ہے کہ گلیکسی ایس 10 کے ایک ماڈل میں فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر نصب کیا جائے گا۔

سام سنگ کی جانب سے پہلے سے زیادہ طاقتور پراسیسر ممکنہ طور پر کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855، نیورول پراسیسنگ یونٹ اور پہلے سے بہتر کیمرے دیئے جائیں گے تاہم ایس 10 لائٹ میں پراسیسر مڈرینج ہوگا جبکہ کچھ فیچرز بھی کم ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں