بھارت: مندر میں زہریلا کھانا کھانے سے 11 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 16 دسمبر 2018
مندر میں زہریلا کھانا کھانے سے متاثرہ بچی کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے— فوٹو: اے ایف پی
مندر میں زہریلا کھانا کھانے سے متاثرہ بچی کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے— فوٹو: اے ایف پی

بھارتی ریاست کرناٹک میں مندر کی تعمیر کے جشن کے دوران زہریلا کھانا کھانے سے 11 افراد ہلاک ہو گئے۔

پولیس افسر مشرف نے کہا کہ بھارتی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور سے 180کلو میٹر دور ضلع چماراج نگر کے مختلف ہسپتالوں میں زہریلا کھانا کھانے سے متاثر ہونے والے 130 افراد کو داخل کرایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: حریت رہنما کی 7 کشمیریوں کی ہلاکت پر بھارتی فوج کےخلاف احتجاج کی کال

انہوں نے بتایا کہ ہندو زائرین نے جمعہ کو مندر میں خراب سبزیاں اور چاول کھائے جس کے فوراً بعد انہیں الٹیاں شروع ہو گئیں اور پیٹ میں درد کی شکایت ہوئی جس کے باعث انہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مشرف نے بتایا کہ ہسپتال میں زیر علاج مریضوں میں سے 8 کی حالت نازک ہے۔

پولیس افسر نے کہا کہ واقعے کے بعد مندر کی انتظامیہ کے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور خراب کھانے کے نمونے تجزیے کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔

مندر میں منعقدہ تقریب میں شریک موریگے سوامی نے بتایا کہ وہ ہمیں کچھ کھانے کی پیشکش کر رہے تھے جس میں سے عجیب سی بو آ رہی تھی اور جب ہم نے اس حوالے سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ یہ بُو پتوں کی وجہ سے آ رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے پی' کے مطابق سوامی نے مزید بتایا کہ جیسے ہی ہم نے وہ کھانا کھایا، مجھے اور میرے دوست کو پیٹ میں درد شروع ہونے کے ساتھ الٹیاں شروع ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں خاتون کو جنسی ہراساں کرنے پر بھارتی شہری کو 9 سال قید

مندر میں موجود سنگیتا نے بتایا کہ وہ خوش قسمت تھیں کہ انہوں نے مندر میں کچھ بھی نہیں کھایا کیونکہ مندر میں محض چند ہی لوگ صحیح حالت میں تھے اور بقیہ سب کو کھانا کھاتے ہی فوراً الٹیاں شروع ہو گئیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں خراب اور زہریلا کھانا کھانے سے ہلاکتیں کوئی نئی بات نہیں اور 2013 میں ریاست بہار کے ایک اسکول میں ناقص کھانا کھانے کے نتیجے میں اسکول کے کم از کم 22 بچے موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں