واٹس ایپ میں جلد متعارف کرائے جانے والے 7 فیچرز

اپ ڈیٹ 16 دسمبر 2018
— اے ایف پی فائل فوٹو
— اے ایف پی فائل فوٹو

واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن ہے جس میں ہر سال ہی متعدد نئے فیچرز سامنے آتے ہیں۔

ایسا لگتا ہے کہ 2019 کا آغاز چند نئے فیچرز سے کرنے والی ہے جن کی آزمائش اس وقت بیٹا ورژن میں ہورہی ہے۔

پکچر ان پکچر، ڈارک موڈ اور ایسے ہی دیگر متعدد فیچرز، جو اس وقت واٹس ایپ میں دستیاب نہیں۔

ویسے تو آپ نئے فیچرز کو سب سے پہلے واٹس ایپ بیٹا پر سائن اپ ہوکر حاصل کرسکتے ہیں مگر اس میں بگز اور ایپ کریش کا سامنا بی ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں : واٹس ایپ کی 17 بہترین ٹرکس

تاہم 2019 میں واٹس ایپ میں متعارف کرائے جانے والے فیچرز یہ ہوسکتے ہیں۔

مسلسل وائس میسجز پلے ہونا

جی ہاں بہت جلد ایسا ممکن ہوگا کہ واٹس ایپ آپ کے وائس میسجز کو ایک قطار میں مسلسل پلے کرنے کی سہولت فراہم کرے گی، یہ عمل خودکار ہوگا۔ یہ آئی او ایس ایپ کے بیٹا ورژن میں نظر آیا مگر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی متعارف ہوگا۔

ڈارک موڈ

اس وقت مختلف ایپس میں یہ فیچر دستیاب ہے اور واٹس ایپ میں بھی رات کو آنکھوں کو اسمارٹ فونز کی نیلی روشنی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اس پر کام ہورہا ہے۔ واٹس ایپ کے جلد متعارف کرائے جانے والے فیچرز پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق ڈارک موڈ اس وقت تیاری کے مراحل سے گزر رہا ہے اور ہاں اس فیچر سے بیٹری لائف بھی بہتر ہوگی، فیس بک اس فیچر کو جلد فیس بک میسنجر میں بھی متعارف کرانے والی ہے۔

پکچر ان پکچر

یہ وہ فیچر ہے جس کا صارفین کو شدت سے انتظار ہے کیونکہ اس سے یوٹیوب یا فیس بک ویڈیو کو میسج تھریڈ کے اندر ہی بھیجنے اور دیکھنے کا موقع ملے گا، جو کہ اس وقت ایک لنک کی شکل میں موجود ہوتا ہے، اس فیچر سے ویڈیو باکس واٹس ایپ باہر نکلے بغیر ڈسپلے ہوگا، اس وقت یہ فیچر بیٹا پروگرام میں دستیاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ پیغامات کی ترسیل کے لیے غیر محفوظ؟

گروپ کال شارٹ کٹ

اس وقت اگر آپ گروپ کال کریں تو آپ کو پہلے کسی ایک دوست سے بات چیت شروع کرنا ہوگی جس کے بعد دیگر کو اس میں ایڈ کیا جاسکتا ہے، مگر اب یہ بدلنے والا ہے کیونکہ واٹس ایپ ایک شارٹ کٹ بٹن کا اضافہ کرنے والی ہے جس سے گروپ کال کرنا ممکن ہوگا اور اپنے دوستوں کو منتخب کرکے آپ بیک وقت ان کو کال کرسکیں گے، یہ وقت بچانے میں مدد دینے والا فیچر ہوگا۔

میڈیا پریویو

ایک سادہ مگر انتہائی مددگار یہ فیچر فون نوٹیفکیشن ٹرے میں نظر آئے گا، یعنی اگر کوئی آپ کو تصویر یا اینیمیٹڈ فوٹو بھیجے گا تو آپ کو ایپ میں جاکر اسے دیکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ نوٹیفکیشن پینل کو سلائیڈ کرکے آپ دیکھ سکیں گے کہ دوست نے کیا بھیجا ہے۔ اس وقت یہ فیچر بظاہر آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے محدود نظر آتا ہے مگر امکان ہے کہ اینڈرائیڈ فونز کے لیے بھی اسے متعارف کرایا جائے گا۔

کیو آر کوڈز

واٹس ایپ کی جانب سے بہت جلد کیوآر کوڈز کو ناموں کو شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، اس وقت کیو آر کوڈ واٹس ایپ کے ویب ورژن کے لیے تو استعمال ہورہا ہے مگر کانٹیکیٹ شیئرنگ کے لیے اسے اب ذریعہ بنایا جائے گا۔

اشتہارات

یہ وہ فیچر ہے جس کا صارفین کو بالکل بھی انتظار نہیں، مگر کمپنی اعلان کرچکی ہے کہ 2019 میں صارفین کے اسٹیٹس ٹیب میں اشتہارات دکھائے جائیں گے، تاہم یہ کس طرح کام کریں گے اس بارے میں تفصیلات موجود نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں