کراچی: وفاقی وزیر برائے نجکاری اور ہوابازی محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کو ایک فعال اور بہتر ادارہ بنانے کےلیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنا چاہتی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قومی ایئر لائن کے سینیئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پی آئی اے صحیح سمت میں گامزن ہے اور حکومت اس کے بحالی کے لیے ہر طرح کی مدد فراہم کرے گی‘۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں پی آئی اے کے چیئرمین ایئر مارشل ارشد ملک نے انہیں قومی ایئرلائن کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی نجکاری نہ کرنے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے میں بہت صلاحیت موجود ہے اور یہ مارکیٹ میں اپنا کھویا ہوا شیئر واپس لے سکتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ’آج کی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی خدمات اور ٹیکنالوجی کا بہترین استعمال کرنا ہوگا اور اس سلسلے میں ہماری توجہ کا بنیادی مرکز صارفین ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے پی آئی اے میں سادگی اپنانے کے اقدامات کرنے پر زور دیا اور انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور صدر، ایئر مارشل ارشد ملک نے وفاقی وزیر کو انتظامیہ کے لیے گئے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا جس میں روٹس کی دوبارہ بحالی، ایئر لائن کے نیٹ ورک میں اضافہ کرنے کے لیے نئی منزلوں کا تعین، فلائٹ میں فراہم کیے جانے والے کھانے کا بہتر میعار، اوقات کار اور لاگت میں کمی شامل ہے۔

مزید پڑھیں: خسارے کے شکار ادارے 5 ماہ میں ایک سو 15 ارب روپے قرض لے چکے

ان کا کہنا تھا کہ چیزیں بہتر ہورہی ہیں اس کے علاوہ ہم اوقات کار کی سہولت بہتر بنانے اور نئی منزلیں مقرر کرنے کےلیے کام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی بدحالی کے سبب گزشتہ حکومت کے دور میں قومی ایئر لائن کی نجکاری کا منصوبہ منظور کیا گیا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے یہ کہتے ہوئے اس کی مخالفت کی تھی کہ حکومت کے پاس پی آئی اے کی نجکاری کا مینڈیٹ نہیں۔

بعدازاں جب تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالا تو نجکاری کمیشن بورڈ کے پہلے ہی اجلاس میں نجکاری ایجنڈے سے پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل ملز (پی ایس ایم) سمیت دیگر کمپنیوں کو نکالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں