اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے جنگ گروپ کے 500 ملازمین کی جبری برطرفی کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری بحالی کا مطالبہ کردیا۔

پی ایف یو جے کے صدر افضال بٹ اور سیکریٹری جنرل ایوب جان سرہندی کا کہنا ہے کہ ’جنگ گروپ کے 500 ملازمین کی جبری برطرفی لیبر قوانین کی خلاف ورزی ہے اور ہم اس طرح کی حرکت کو کسی طرح قبول نہیں کریں گے‘۔

مزید پڑھیں: کراچی کے سینئر صحافی کو گھر سے اٹھالیا گیا، صحافتی تنظیمیں

واضح رہے کہ جنگ گروپ نے پشاور اور فیصل آباد کے ایڈیشنز کو بند کردیا ہے جس کے ساتھ ساتھ انہوں نے روزنامہ آفتاب، عوام اور ڈیلی نیوز کو بھی بند کردیا ہے، جس کی وجہ سے 500 ملازمین بے روزگار ہوگئے ہیں۔

ملازمین کو اداروں کی بندش کے حوالے سے کوئی نوٹس بھی نہیں دیا گیا تھا۔

پی ایف یو جے نے جنگ گروپ کی جانب سے اشاعتی اداروں کی بندش کے حوالے سے دی گئی وضاحت کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایف یو جے کا میڈیا پرغیر اعلانیہ پابندی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان

خیال رہے کہ جنگ گروپ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے ملنے والے اشتہارات کی بندش کے باعث یہ ادارے بند کیے گئے ہیں۔

پی ایف یو جے کا کہنا ہے کہ ’ان کی یہ معذرت کسی حد تک ٹھیک ہوسکتی ہے تاہم اخباروں کے بند ہونے کی یہ وجہ نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ ’جنگ گروپ نے گزشتہ چند دہائیوں میں اربوں روپے کمائے ہیں اور وہ اس حالت میں ہے کہ حکومت کی میڈیا مخالف پالیسیوں کے تحت پیش آنے والے مالیاتی مسائل کو برداشت کرسکے‘۔

پی ایف یو جے نے حقائق جاننے کے لیے جنگ گروپ کے فارنزک آڈٹ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 17 دسمبر 2018 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں