رواں ماہ 12 دسمبر کو بھارت کے امیر ترین اور دنیا کے 19 ویں امیر ترین شخص مکیش امبانی کی اکلوتی بیٹی 27 سالہ ایشا امبانی کی شادی ارب پتی 33 سالہ آنند پیرا مل سے ہوئی۔

جہاں اس شادی کو گزشتہ 35 برس میں ہونے والی دنیا کی سب سے مہنگی شادی کہا جا رہا ہے، وہیں اس شادی میں ایک سے بڑھ کر ایک بولی وڈ اسٹار کو عام لوگوں کی طرح دیکھا گیا۔

جہاں اس شادی میں امریکی پاپ گلوکارہ بیونسے ناچتی نظر آئیں، وہیں سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اور جان کیری بھی جھومتے نظر آئے۔

یہی نہیں بلکہ اس شادی میں سلمان خان جیسے اداکاروں کو بیک ڈانسر کے طور پر میکش امبانی کے پیچھے رقص کرتے دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشا امبانی کی شادی گزشتہ 35 سال میں دنیا کی سب سے مہنگی شادی

علاوہ ازیں عامر خان، شاہ رخ خان، ایشوریا رائے، دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ، ابھیشک بچن، کرن جوہر اور کرشمہ کپور سمیت کئی بڑے بڑے بولی وڈ اسٹارز شادی کی تقریبات میں ناچتے نظر آئے۔

تاہم شادی کے دعوت کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد بھارت کے کئی لوگ حیران رہ گئے۔

ان ویڈیوز میں امیتابھ بچن، عامر خان اور ایشوریا رائے جیسے اداکاروں کو مہمانوں کو کھانا پیش کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر اور فیس بک پر لوگوں نے اسٹارز کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ لوگ پیسے کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔

بعض افراد نے یہاں تک کہا کہ اگر ان اسٹارز کو مکیش امبانی پیسوں کے لیے برتن دھونے کو کہے تو فورا وہ کام کرنا شروع کردیں گے۔

عوام کی تنقید کے بعد امیتابھ بچن کے بیٹے اور ایشوریا رائے کے شوہر ابھیشک بچن سے خاموش نہیں رہا گیا اور انہوں نے تنقید کرنے والوں کو جواب دے کر خاموش کرادیا۔

ابھیشک بچن نے پریرنا نامی ایک صارف کی جانب پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ آخر کیوں کھرب پتی شخص کی بیٹی کی شادی میں بڑے بڑے اسٹارز ویٹرز کے روپ میں نظر آئے۔

ابھیشک بچن نے مختصر جواب میں اسٹارز کی جانب مہمانوں کو کھانا دینے کے معاملے کو رسم کا نام دیا۔

ابھیشک بچن نے کہا کہ دراصل یہ اسٹارز ’سجن گھوٹ‘ نامی رسم نبھاتے ہوئے لوگوں کو کھانا پیش کر رہے تھے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس رسم کے تحت لڑکی والوں کے افراد لڑکے والوں کے مہمانوں کو کھانا پیش کرتے ہیں۔

لیکن ابھیشک بچن نے یہ نہیں بتایا کہ ان اسٹارز کو دلہن کے افراد بنا کر کیوں پیش کیا گیا اور اس کی کیا وجہ تھی؟

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں