ڈبلیو ڈبلیو ای کا 2018 کا آخری پے پر ویو ایونٹ ٹی ایل سی گزشتہ شب سان جوز، کیلیفورنیا میں ہوا۔

یہ ڈبلیو ڈبلیو ای کا وہ ایونٹ ہے جس میں لوگوں کی دلچسپی کافی زیادہ ہوتی ہے کیونکہ اس میں اکثر میچز میں کرسیاں، میزوں اور سیڑھیوں کا استعمال ہوتا ہے۔

اور ایونٹ کا اختتام لوگوں کی توقعات کے مطابق ہوا مگر فاتح توقعات کے برعکس نکلا۔

مزید پڑھیں : رومن رینز کے بعد ایک اور مقبول ریسلر شدید زخمی

اس ایونٹ کا آغاز کروزر ویٹ چیمپئن شپ سے ہوا جس میں دفاعی چیمپئن بڈی مرفی کامیاب دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔

اسی طرح اسمیک ڈاﺅن ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ مین دی بار نے مدمقابل اوسوز اور نیو ڈے کو شکست دے کر بیلٹ کو اپنے پاس برقرار رکھا۔

مکسڈ میچ چیلنج کے فائنل میں آر ٹروتھ اور کارمیلا نے کامیابی حاصل کی اور اس کے بدلے انہیں اپنی مرضی کی کسی بھی جگہ تعطیلات منانے اور رائل رمبل میں نمبر 30 اسپاٹ انٹری کا انعام ملے گا۔

ایونٹ کا ایک مقابلہ جس کے بارے میں مداحوں کو انتظار تھا کہ زخمی براﺅن اسٹرومین واپس آکر قائم مقام جنرل منیجر بیرن کوربن کا مقابلہ کرتے ہیں یا نہیں، وہ کافی دلچسپ ثابت ہوا۔

کہنی کی انجری کے شکار براﺅن اسٹرومین واپس تو آئے مگر انہوں نے نو ڈس کوالیفکیشن رول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی جگہ کرٹ اینگل، فن بیلور، بوبی رووڈ، چاڈ گیبل اور اپالو کریوز کو استعمال کرکے کامیابی حاصل کرکے رائل رمبل میں بروک لیسنر سے چیمپئن شپ مقابلے میں شرکت کا حق حاصل کرلیا جبکہ بیرن کوربن کو مستقل جنرل منیجر بننے سے بھی روک دیا۔

نتالیہ نے روبی رائٹ کو شکست دی تو رے مسٹریو رینڈی اورٹن سے کئی ہفتوں سے کیے جانے والے حملوں کا انتقام لینے میں کامیاب رہے۔

فی بیلور نے غیرمتوقع طور پر ڈریو میکنٹائر کو شکست دی، جس کے لیے انہیں ڈولف زیگلر کا شکرگزار ہونا چاہئے۔

رونڈا راﺅسی ایک بار پھر ناقابل شکست ثابت ہوئیں اور را ویمن چیمپئن شپ میچ میں نیا جیکس کو شکست دی۔

نئے روپ میں ڈینیئل برائن نے اے جے اسٹائل کو شکست دے کر ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کا کامیاب دفاع کیا۔

تاہم انٹرکانٹی نینٹل چیمپئن سیٹھ رولنز اتنے خوش قسمت ثابت نہیں ہوئے اور اپنے سابق دوست ڈین امبروز کے ہاتھوں شکست کے بعد چیمپئن شپ سے محروم ہوگئے۔

ایونٹ کے جس میچ کا انتظار لوگوں کو سب سے زیادہ تھا وہ اسمیک ڈاﺅن ویمن چیمپئن شپ کے لیے تھا جو ایونٹ میں سب سے آخر میں ہوا۔

پہلی مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای نے ویمن ٹی ایل سی میچ کا انعقاد کیا تھا جس میں چیمپئن بیکی لنچ کو شیرولیٹ فلیئر اور آسکا جیسے حریفوں کا سامنا تھا۔

میچ تو کافی دلچسپ تھا اور آخر میں لگ رہا تھا کہ بیکی لنچ یا شیرولیٹ میں سے کوئی جیت جائے گا مگر رونڈا راﺅسی نے سیڑھی کے اوپر کھڑی دونوں ریسلرز کو نیچے گرادیا اور آسکا نے چیمپئن شپ بیلٹ سیڑھی پر چڑھ کر اتار لی۔

۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں