امریکا نے جنگ زدہ ملک شام سے اپنی فوجیں واپس بلانے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے شام میں دہشت گرد تنظیم ’داعش‘ کو شکست دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شام میں کردش ملیشیا کی امریکی حمایت ایک بڑی غلطی تھی، ترکی

امریکی فیصلے کے بعد داعش کے خلاف امریکی عسکری تعاون سے لڑنے والے ’کردش ملیشیا‘ کی قسمت پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔

امریکی صدر نے ٹوئٹ کیا کہ ’شام میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کا واحد مقصد داعش کے جنگجوؤں کی شکست تھی‘۔

امریکی صدر کے فیصلے سے متعلق واشنگٹن حکام نے بتایا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ نے فوجیوں کی واپسی کا فیصلہ گزشتہ روز ہی کرلیا تھا‘۔

مزید پڑھیں: ‘امریکا نے شام میں رہائشی علاقوں پر کیمیائی ہتھیار داغے‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’شام سے تمام امریکی فوجیوں کو واپس بلایا جائےگا‘۔

واضح رہے کہ شام میں تقریباً 2 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں جو کردش ملیشیا کو ٹریننگ اینڈ ایڈویز کے فرائض انجام دے رہے تھے تاکہ مقامی ملیشیا داعش کا مقابلہ کرسکیں۔

امریکی حکام کی جانب سے فوجیوں کی واپسی کے لیے اوقات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا فوری طور پر شام سے واپس چلا جائے، ایرانی صدر

پینٹاگون نے محدود تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ’فوجیوں کا تحفظ یقینی طور پر اولین ترجیح ہے تاہم واپسی کا عمل جلد از جلد ہوگا‘۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے کہا کہ شام میں داعش کی شکست کے بعد بھی گلوبل کولیشن کا عمل جاری رہےگا‘۔

تبصرے (0) بند ہیں