بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کی فلم ’منیکارنیکا: کوئین آف جھانسی‘ جلد سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی، جس کا انتظار مداحوں کو بےصبری سے ہے۔

اس فلم کے حوالے سے کنگنا رناوٹ نے کہا کہ وہ افراد جو ان پر تنقید کرتے آرہے ہیں، انہیں فلم دیکھنے کے بعد اپنا منہ بند کرنا پڑے گا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم ریویوز دینے والے تجزیہ کاروں کے بارے میں کنگنا رناوٹ نے کہا کہ ’میرے خیال رہے وہ لوگ جو میرے اور میری فلموں کے بارے میں اچھی باتیں نہیں کرتے انہیں اس فلم کو دیکھنے کے بعد اپنا منہ بند کرنے کی ضرورت پڑے گی، اور وہ لوگ جو اس کے حوالے سے مثبت بات کررہے ہوں گے انہیں کوئی خاموش نہیں کرا سکے گا‘۔

یاد رہے کہ کنگنا رناوٹ اپنی اس فلم ’منیکارنیکا‘ کے لیے ہدایت کارہ بھی بن گئیں، جبکہ فلم کے ٹریلر کو اس کی ریلیز سے اب تک کافی مثبت ردعمل بھی موصول ہوا۔

اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال سے یہ پوری ٹیم کی محنت ہوتی ہے، پہلے مجھے مشکل لگا، میں خوش ہوں کہ اداکار اور ہدایت کار دونوں کا کام انجام دے رہی ہوں، اور میں بہت پرجوش ہوں اور جلد لوگوں کے سامنے فلم کو لانا چاہتی ہوں‘۔

اس فلم کی کہانی کے وی وجندر پراساد نے تحریر کی، جو اس سے قبل بہوبلی اور بجرنگی بھائی جان جیسی کامیاب فلموں کی کہانی تحریر کرچکے ہیں۔

جبکہ کنگنا نے بتایا کہ وہ ان کی اگلی فلم کی کہانی بھی تحریر کررہے ہیں۔

فلم ’منیکارنیکا: دی کوئین آف جھانسی‘ اگلے سال 25 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں