کوئٹہ: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مخالف جماعتوں نے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی-26 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں ان کے مخالف امیدوار کے طور پر طالبان دور میں افغانستان کے صوبے کےگورنر رہنے والے شخص کو نامزد کیا ہے۔

یہ جاننے کے باوجود پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انتخاب میں حصہ لے کر انہیں شکست دے گی۔

یہ بات ایچ ڈی پی کےصدر عبدالخالق ہزارہ نے ہزارہ ٹاؤن میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار قادر نیل کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لیگی سینیٹرز ہارون اختر اور سعدیہ عباسی نااہل قرار

واضح رہے کہ ضمنی انتخاب بلوچستان اسمبلی کی یہ نشست احمد علی کوہزاد نامی امیدوار کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی ہے جنہوں نے 25 جولائی کو یہ نشست جیتی تھی لیکن بعد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انہیں افغان شہری ہونے کی بنا پر نااہل کردیا تھا.

بعد ازاں احمد علی کوہزاد کے خلاف ایک شخص کو قتل کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا اور انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں ایچ ڈی پی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مخالف جماعت کی جانب سے اسی امیدوار کو نامزد کیا گیا جسے عام انتخابات میں شکست ہوئی تھی، یہ عناصر ایک سازش کے تحت ہزارہ برادری کو ان کے سیاسی حقوق سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حلقے کے عوام ان سازشوں سے آگاہ ہیں اور وہ انہیں اپنی ووٹ کی طاقت سے شکست سے دوچار کریں گے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ پی بی 26 کے کامیاب امیدوار ’غیر پاکستانی‘ ہیں، ڈپٹی کمشنر

ایچ ڈی پی رہنماؤں نے کہا کہ علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں اس جلسے میں شرکت کر کے اپنا فیصلہ سنا دیا جس میں خوش آئند بات یہ ہے کہ خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایچ ڈی پی کے بلوچ ، پختون اور دیگر کمیونٹیز کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور ہم نے ہمیشہ صوبے میں تمام جمہوری قوتوں کی حمایت کی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ ہم آئین کی بالادستی، جمہوری روایات و اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایچ ڈی پی نے ہمیشہ ملک میں آئین کی حکمرانی اور جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے چناچہ جمہوریت کے لیے جدو جہد کرنے اور قانون کی بالادستی کو تسلیم کرنے والی تمام جماعتیں ضمنی انتخاب میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کی حمایت کررہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’کوشش ہے دوہری شہریت والے بھی پاکستان میں کردار ادا کریں‘

پارٹی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ ان کے مخالف کھڑے ہونے والے امیدوار علاقے سے تعلق نہیں رکھتے اور انہیں حلقے کے عوام کو درپیش مسائل کا ادراک بھی نہیں، دوسری جانب قادر نیل ایک معروف صحافی اور سیاسی کارکن ہیں جو ہمیشہ لوگوں کی مشکلات حل کرنے کے لیے ان کی مدد کرتے ہیں۔


یہ خبر 29 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں