گلگت میں ملکی تاریخ کا پہلا 'آئس ہاکی' میچ

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2019
نلتر میں کھیلے گئے تاریخی آئس ہاکی میچ میں ایئرفورس کی ٹیم کو کامیابی ملی — فوٹو: ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان
نلتر میں کھیلے گئے تاریخی آئس ہاکی میچ میں ایئرفورس کی ٹیم کو کامیابی ملی — فوٹو: ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان

گلگت بلتستان کی وادی نلتر کو سردیوں میں 'اسکی' کے حوالے سے مشہور مقام شمار کیا جاتا ہے جہاں بیرون ملک سے ٹیمیں بھی آتی ہیں، اب پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھیلے گئے آئس ہاکی میچ کی میزبانی کا اعزاز بھی نلتر کو حاصل ہوگیا۔

نلتر میں منعقدہ آئس ہاکی میچ کے بعد پاکستان میں جاری سرمائی کھیلوں میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگیا ہے۔

میچ مقررہ وقت تک برابر رہا جس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر فیصلہ ہوا—فوٹو
میچ مقررہ وقت تک برابر رہا جس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر فیصلہ ہوا—فوٹو

گلگت کے سیاحتی مقام نلتر کو تاریخی آئس ہاکی میچ کی میزبانی کا اعزاز ملا ہے جہاں اس وقت موسم انتہائی سرد ہے۔

پی اے ایف ریزورٹ نلتر میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا آئس ہاکی میچ جی بی اسکاؤٹس اور پاکستان ایئر فورس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نلتر جھیل کی سیر؛ اب بھی سوچتا ہوں، یہ خواب تھا یا حقیقت!

میچ کے مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں اور یوں یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

آئس ہاکی کا مقابلہ جی بی اسکاؤٹس اور ائرفورس کے درمیان ہوا—فوٹو
آئس ہاکی کا مقابلہ جی بی اسکاؤٹس اور ائرفورس کے درمیان ہوا—فوٹو

شوٹ آؤٹ میں ایئر فورس نے اپنی برتری دکھائی اور جی بی اسکاوٹس کو 0-1 سے شکست دے کر تاریخی میچ جیت لیا۔

میچ کا واحد گول پاکستان ایئر فورس کے کھلاڑی شہر یار نے کیا۔

رپورٹس کے مطابق ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے گلگت بلتستان کے ضلع استور میں نوتعمیر شدہ رٹوا Aسکی ریزورٹ میں دو مقابلے رکھے ہیں، جہاں انٹر سروسز اسکی کپ اور نیشنل کراس کنٹری اسکی کپ کے مقابلے ہوں گے۔

سرمائی مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے دنیا بھر سے ممتاز بین الاقوامی اسکئیرز مختلف کیٹیگریز میں حصہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: راما اور نلتر: خوبصورتی کے دو استعارے

پاکستان میں جاری سرمائی کھیلوں میں پہلی بار اسنوبورڈنگ، آئس اسکیٹنگ اور آئس ہاکی کے مقابلے بھی ہوں گے۔

مالم جبہ کے علاوہ نلتر کو پاکستان کا مشہور اسکی ریزورٹ کا درجہ حاصل ہے جہاں ماضی میں قومی اور بین الاقوامی مقابلے منعقد کیے جاچکے ہیں۔

خیال رہے کہ نلتر گلگت بلتستان کا سیاحتی مقام ہے جہاں سردیوں میں برف پڑتی ہے اور گرمیوں میں موسم انتہائی خوش گوار ہوتا ہے، اسی لیے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد چاروں موسموں سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں آتی ہے۔

نلتر پہاڑوں اور قدرتی جنگلات سے بھرا ہوا مقام ہے جہاں گرمیوں میں ہر طرف سبزہ اور سردیوں میں برف کی سفیدی چھائی ہوتی ہے، جبکہ یہاں پر خوب صورت جھیلیں بھی موجود ہیں۔

سطح سمندر سے 2 ہزار 950 میٹر بلند وادی نلتر اسکی مقابلوں کے لیے مشہور ہے جہاں 2016 میں قراقرم الپائن اسکی کپ منعقد ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں