وزیراعظم اگلے ہفتے ترکی کا دورہ کریں گے

—فائل/فوٹو: وزیراعظم ہاؤس
—فائل/فوٹو: وزیراعظم ہاؤس

ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر اگلے ہفتے ترکی روانہ ہوں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ترکی جائیں گے اور یہ دورہ 3 جنوری اور 4 جنوری کو ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرمنصوبہ بندی خسرو بختیار اور وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داود سمیت اعلیٰ سطح کا وفد ہوگا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اس دورے میں ترک صدر دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دونوں رہنما ملاقات میں خطے اور عالمی صورت حال پر بھی گفتگو کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں وزیراعظم عمران خان بزنس فورم، ترکی کی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں سے خطاب بھی کریں گے۔

دفتر خارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے عوام اور حکومتوں کے درمیان تاریخی اور غیر متزلزل تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورے کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ‘اس دورے سے تعاون اور اشتراک کے نئے باب کھلیں گے جس میں خاص کر معاشی، تجارت اور کمرشل تعلقات نمایاں ہیں’۔

یاد ہے کہ رواں سال اگست میں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان نے سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس کے بعد متحدہ عرب امارات، چین اور ملائیشیا بھی گئے تھے۔

مزید پڑھیں:’وزیرِاعظم عمران خان کا دورہ چین، پاکستان کے لیے مثبت رہا‘

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دوسرے دورے میں مالی تعاون بھی حاصل کیا تھا۔

چین کے دورے میں پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں اور مستقبل میں مزید سرمایہ کاری پر تفصیلی بات کی گئی تھی اور کئی معاہدے بھی متوقع ہیں۔

پاکستان میں چین کے سفیر نے وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس دورے کے نتائج اسلام آباد کے لیے مثبت ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک پیکیج دینے سے متعلق بات چیت جاری ہے جبکہ وزیرِ اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران بیجنگ نے اسلام آباد کی مدد کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم پاکستان کے دورہ چین نے دونوں ممالک کے لیے درمیان آئندہ 5 سال کی سمت کا تعین ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کا بھی دورہ کیا جہاں وزیراعظم مہاتیر محمد اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے سربراہان اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں