ضمنی انتخاب: سابق صدر آزاد کشمیر کو شکست، جے کے پی پی امیدوار کامیاب

اپ ڈیٹ 31 دسمبر 2018
ضمنی انتخاب میں کل 6 امیدوار مد مقابل تھت
ضمنی انتخاب میں کل 6 امیدوار مد مقابل تھت

مظفرآباد: آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے-19 (پونچھ 3) راولاکوٹ میں ضمنی انتخاب میں سابق صدر اور وزیر اعظم سردار یعقوب کو شکست ہوگئی۔

جموں کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) کے امیدوار سردار حسن ابراہیم نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار سابق صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب کو 814 ووٹ سے شکست دے کر ضمنی انتخاب کا میدان مارلیا۔

ایل اے 19 میں ہونے والے انتخابات میں کل 6 امیدوار تھے، جس میں آزاد کشمیر کی حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار سردار طاہر انور کو تیسری پوزیشن ملی۔

مزید پڑھیں: ہائیڈل پاور منافع میں سے آزاد کشمیر کو 12 ارب روپے سالانہ ملنے کا امکان

خیال رہے کہ یہ نشست 4 نومبر کو جے کے پی پی کے سربراہ اور کامیاب امیدوار کے والد سردار خالد ابراہیم کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

سردار خالد ابراہیم کا آزاد کشمیر میں کافی عزت و احترام تھا اور اسے دیکھتے ہوئے مختلف حلقوں کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آیا تھا کہ حریف جماعتوں کو ضمنی انتخاب میں جے کے پی پی کے مخالف امیدوار کھڑے کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

تاہم پاکستان پیپلز پارٹی وہ پہلی جماعت تھی، جس نے 21 نومبر کو اعلان کیا کہ ان کے سینئر رہنما سردار یعقوب خان ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے کیونکہ وہ سدہان قبیلے کے زیراثر حلقے میں ’مخصوص سیاسی صورتحال‘ کے باعث اپنے مخالفین کو ’چلنے نہیں‘ دینا چاہتے تھے۔

اسی طرح پی پی پی کی نقل کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) بھی میدان میں اتر گئی اور آزاد کشمیر کے سابق وزیر سردار طاہر انور کو امیدوار نامزد کردیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے مرتب کیے گئے غیرسرکاری نتائج کے مطابق 169 پولنگ اسٹیشنز میں حسن ابراہیم نے 17 ہزار 590 ووٹ حاصل کیے جبکہ سردار یعقوب کو 16 ہزار 776 ووٹ ملے۔

مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کو 10 ہزار 2سو 55 ووٹ ملے، آزاد امیدوار لیاقت حیات کو 2 ہزار 83 ووٹ ملے جبکہ باقی دیگر 2 امیدوار ایک ایک ہزار سے بھی کم ووٹ حاصل کرسکے۔

حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی بات کی جائے تو ان کی تعداد 92 ہزار 4سو27 تھی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جون 2011 کے انتخاب میں اسی حلقے میں جے کے پی پی کے مرحوم سربراہ پی پی پی کے سردار یعقوب خان سے تقریباً 10 ہزار ووٹوں سے ہار گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’آزاد جموں کشمیر پاکستان کا حصہ ہے‘

بعد ازاں اگست 2011 میں سردار یعقوب خان کے آزاد کشمیر کے صدر بننے کے بعد اس حلقے میں ضمنی انتخاب ہوئے، تاہم سردار خالد ابراہیم نے حصہ نہیں لیا اور فرزانہ یعقوب اپنے والد کی جگہ اسمبلی میں پہنچیں۔

تاہم جولائی 2016 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حامی کے طور پر سردار خالد ابراہیم نے پیپلز پارٹی کے سردار یعقوب کو تقریباً 10 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔

علاوہ ازیں عام انتخابات کے 2 ہفتوں کے دوران سردار خالد ابراہیم نے مسلم لیگ(ن) سے اختلافات کے باعث اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا انتخاب کیا تھا۔


یہ خبر 31 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں