بنگلہ دیشی انتخابات: حسینہ واجد کی کامیابی پر پاکستان کا خیر مقدم

ترجمان دفتر خارجہ ہر جمعرات کو مختلف امور پر بریفنگ دیتے ہیں—فائل فوٹو
ترجمان دفتر خارجہ ہر جمعرات کو مختلف امور پر بریفنگ دیتے ہیں—فائل فوٹو

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان، بنگلہ دیش میں ہونے والے انتخابات میں حسینہ واجد کی دوبارہ کامیابی کا خیر مقدم کرتا ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ شیخ حسینہ واجد کو انتخابات میں دوبارہ کامیابی ملنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

خیال رہے گزشتہ دنوں بنگلہ دیش میں انتخابات ہوئے تھے، جسے عالمی میڈیا نے متازع ترین انتخابات قرار دیا تھا جبکہ امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش: انتخابات میں بے قاعدگیوں کی رپورٹ پر صحافی گرفتار

ان انتخابات میں شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ نے 98 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جس کو اپوزیشن جماعتوں نے مسترد کردیا تھا۔

اس کے علاوہ انتخابات سے قبل جھڑپوں میں 17 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ انتخابی بے قاعدگیوں کو رپورٹ کرنے پر صحافی کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان ایک سال قبل کی ٹویٹ سے دوری ہے

بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان ان کی ایک سال قبل کی ٹویٹ سے دوری ہے، پاکستان امریکی صدر کے اس بیان کا خیر مقدم کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکی صدر کی درخواست پر طالبان سے مذاکرات کے لیے سہولت کاری کا کام کررہا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ’پاکستان کی نئی قیادت سے ملاقات کرنے کے خواہاں ہیں لیکن یہ ملاقات اسلام آباد پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزامات پر بات کیے بغیر نہیں ہوگی۔

پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا

ترجمان نے بھارتی ڈرونز کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی مذمت کی اور بتایا کہ پاکستان نے دونوں ڈرونز مار گرائے ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت تیار اور مستعد ہیں، پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیکس کبھی نہیں ہوئیں اور خود بھارتی میڈیا بھی اپنی ہی حکومت کے اس دعوے کی نفی کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج نے دو روز میں دوسرا بھارتی ‘جاسوس ڈرون’ مار گرایا

انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ تمام مسائل پر مذاکرات کا کہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات سے بھاگ رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 2 دنوں میں پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب بھارتی ‘جاسوس ڈرون‘ کو مار گرایا تھا اور ان دونوں ڈرونز کی تصاویر بھی جاری کی تھیں۔

لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ پر ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احجتاج کیا گیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے مبصرین کو لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں جانے کی اجازت دے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فوج نے آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 27 سالہ خاتون جاں بحق اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

جس کے بعد پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوروو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور واقعے کی شدید مذمت کی تھی۔

بھارتی جاسوس کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ کلبھوشن یادیو کا مقدمہ اس وقت عدالت میں ہے، اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی معلومات حقائق کے برعکس ہیں، ہم عدلیہ کا احترام مٰن اس پر تبصرہ نہیں کریں گے۔

حکومت پرامن ہمسائے کی پالیسی پر گامزن

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی پرامن ہمسائے کی پالیسی کے تحت وزیر خارجہ نے ہمسایہ ممالک کا دورہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے افغان مفاہمتی عمل میں پیش رفت پر ہمسایہ ممالک کو اعتماد میں لیا اور پاکستان کی سہولت کاری کے بارے میں آگاہ کیا، جس پر ہمسایہ ممالک نے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ترجمان نے کہا کہ ہمسایہ ممالک نے افغان فریقین کے باہمی روابط کی پاکستانی تجویز کی بھی حمایت کی۔

پاکستان میں تمام سفیروں کو نقل و حرکت کی مکمل آزادی ہے

ڈاکٹر محمد فیصل نے جرمن سفیر کے پاکستانی مسائل پر کیے گئے ٹوئٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجود تمام سفیروں کو نقل و حرکت کی مکمل آزادی ہے۔

مزید پڑھیں: پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی جاسوس ڈرون مارگرایا

انہوں نے کہا کہ پاکستان ویانا کنونشن کا مکمل احترام کرتا ہے جبکہ جرمن سفیر متعلقہ حکام کو بتا کر سفر کرتے ہیں۔

اپنی بریفنگ کی دوران ترجمان نے کہا کہ یمن میں ایک ہزار پاکستانی فوج بھیجنے کی خبریں درست نہیں، اس کی تردید کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان ترکی پر روانہ ہوگئے ہیں جبکہ وہ جلد ہی قطر کا دورہ بھی کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں کسی بھارتی شہری کے پاسپورٹ گم ہونے کی خبروں کو بھی مسترد کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں