جعل سازی کا الزام: تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کو 3 سال قید کی سزا

03 جنوری 2019
رکن صوبائی اسمبلی نے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ جانے کا اعلان کردیا—فوٹو: ڈان نیوز
رکن صوبائی اسمبلی نے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ جانے کا اعلان کردیا—فوٹو: ڈان نیوز

ٹنڈو آدم کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی دیوان سچانند کو جعلی چیک سے متعلق کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 3 سال قید کی سزا سنا دی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کلہوڑو نے سندھ اسمبلی کے رکن اسمبلی کو مجرم قرار دیا، جس کے بعد انہیں ٹنڈو آدم کی سب جیل منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عدالت میں پیش، ضمانت میں آئندہ ماہ تک توسیع

خیال رہے کہ 2 سال قبل ضلع سانگھڑ میں زرعی زمین کی خریداری کے لیے دیوان سچانند نے محمد ایوب راجپوت نامی شخص کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا، جو اکاؤنٹ میں ناکافی رقم ہونے کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ جولائی 2018 کے عام انتخابات میں دیوان سچانند پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

بعد ازاں علاقے کے قانون سازوں کے ذریعے کیس کو حل کرنے کی کوشش میں ناکامی کے بعد ایوب راجپوت نے ایم پی اے کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے ایک اور رکن قومی اسمبلی کی انتظامی معاملات میں مداخلت

تاہم اس قانونی کارروائی کے دوران ایوب راجپوت انتقال کرگئے جس کے بعد ان کے بیٹے محمد علی نے اس کیس کی پیروی کی تھی۔

اس کے بعد یہ کیس عدالت میں چلا تھا اور آج عدالت نے منسوخ شدہ چیک اور دیگر دستاویزی ثبوت کی روشنی میں سچانند کو سزا سنادی، جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتاری کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں