نیل ڈی گریس پر پہلی بار الزامات لگے—فوٹو: ای ٹی کینیڈا
نیل ڈی گریس پر پہلی بار الزامات لگے—فوٹو: ای ٹی کینیڈا

دسمبر 2018 میں معروف امریکی سائنسدان اور ٹی وی میزبان نیل ڈی گریس ٹائسن کے خلاف 2 خواتین نے جنسی طور پر ہراساں جب کہ ایک نے ریپ کا الزام عائد کیا تھا۔

ان پرالزام لگانے والی امریکی ریاست پنسلوانیا کی بک نیل یونیورسٹی کی ڈاکٹر کیٹالن نے الزام عائد کیا تھا کہ نیل ڈی گریس ٹائسن نے 2009 میں ایک تقریب کے دوران جنسی لذت لینے کے لیے انہیں نامناسب انداز میں چھوا۔

ان پرالزام لگانے والی دوسری خاتون ایشلے واٹسن نے دعویٰ کیا تھا کہ نیل ڈی گریس ان کے ساتھ نامناسب انداز اور رویے کے ساتھ پیش آتے تھے، جس وجہ سے انہوں نے ان کی اسسٹنٹ کی ملازمت چھوڑی۔

ساتھ ہی موسیقار اور گلوکار تاشیا امت نے الزام لگایا تھا کہ نیل ڈی گریس ٹائسن نے ان کا اس وقت ریپ کیا جب وہ 1980 میں گریجوئیشن کے شاگرد تھے۔

نیل ڈی گریس ٹائسن کے خلاف پہلی بار الزامات سامنے آنے کے بعد فوری طور پر ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا تھا۔

خواتین کی جانب سے الزامات لگائے جانے پر خود نیل ڈی گریس ٹائسن اور ان کے پروگرام نشر کرنے والے چینلز ’فاکس اور نیشنل جیو گرافک‘ نے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی سائنسدان پر خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ نیل ڈی گریس ٹائسن کے خلاف جاری تحقیقات کے پیش نظر نیشنل جیو گرافک نے ان کے معروف پروگرام ’اسٹار ٹاک‘ کو غیر اعلانیہ طور پر بند کردیا۔

نیل ڈی گریس متعدد سائنسی اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز رہے—فوٹو: پیج سکس
نیل ڈی گریس متعدد سائنسی اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز رہے—فوٹو: پیج سکس

شوبز ویب سائیٹ ورائٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نیل ڈی گریس ٹائسن کے پروگرام ’اسٹار ٹاک‘ کے پانچویں سیزن کو گزشتہ برس نومبر میں نیشنل جیو گرافک پرشروع کیا گیا تھا، تاہم اب اسے بند کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق نیل ڈی گریس ٹائسن کے پروگرام کو درمیان میں ہی بند کیا گیا۔

اس پروگرام کے پانچویں سیزن میں مجموعی طور پر 20 قسطیں نشر کی جانی تھیں، تاہم اس پروگرام کی محض تین قسطیں ہی نشر کی گئیں۔

نیشنل جیوگرافک کی انتظامیہ نے پروگرام کو بند کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نیل ڈی گریس ٹائسن کے خلاف تحقیقات جاری ہے، جس وجہ سے یہ قدم اٹھایا گیا۔

نیشنل جیوگرافک انتظامیہ نے ان کا پروگرام بند کرنے کی تصدیق کردی—فوٹو: این وائے ڈیلی نیوز
نیشنل جیوگرافک انتظامیہ نے ان کا پروگرام بند کرنے کی تصدیق کردی—فوٹو: این وائے ڈیلی نیوز

ساتھ ہی چینل انتظامیہ نے واضح کیا کہ اگر نیل ڈی گریس پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کے الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو چینل ان کے پروگرامات کو نشر کرنے کے بجائے دوسری منصوبہ بندی تیار کرے گا۔

خیال رہے کہ 60 سالہ نیل ڈی گریس ٹائسن فلکی طبیعات کے ماہر ہونے سمیت فلکیات سے متعلق کتابوں کے لکھاری اور سائنسی پروگرامات خصوصی طور پر فلکیات سے متعلق پروگرامات کے میزبان ہیں۔

وہ نہ صرف لکھاری اور میزبان ہیں، بلکہ وہ کچھ سائنسی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ بھی منسلک رہے اور اس وقت بھی وہ امریکا کے فلکی طبیعات سے متعلق کام کرنے والے اداروں کے ساتھ منسلک ہیں۔

نیل ڈی گریس ٹائسن دنیا بھر میں دیکھے جانے والے فلکی طبیعات پر مشتمل سائنسی پروگرام ’کاسموس‘ کے میزبان ہیں، یہ پروگرام ابتدائی طور پر امریکی ٹی وی چینل ’فاکس‘ پر نشر کیا گیا۔

اس پروگرام کا پہلا سیزن 2014 میں ’فاکس‘ پر نشر کیا گیا تھا، جب کہ اس کا دوسرا سیزن رواں برس مارچ میں ’نیشنل جیوگرافک‘ پر نشر کیا جائے گا، تاہم اگر نیل ڈی گریس پر الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو اس پروگرام کو بھی نشر نہیں کیا جائے گا۔

نیل ڈی گریس سائنسی پروگرامات کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں—فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر
نیل ڈی گریس سائنسی پروگرامات کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں—فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر

تبصرے (0) بند ہیں