ہریتھیک روشن کے والد بھی کینسر کا شکار

08 جنوری 2019
ہریتھیک روشن کی کامیاب فلموں کو ان کے والد نے ہی بنایا—فوٹو: انسٹاگرام
ہریتھیک روشن کی کامیاب فلموں کو ان کے والد نے ہی بنایا—فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ ایک برس سے جہاں بولی وڈ شخصیات کی شادیاں کا سلسلہ جاری ہے، وہیں گزشتہ ایک سال سے متعدد شخصیات کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوئے۔

مارچ 2018 میں جہاں عرفان خان نیورو اینڈو کرائن ٹیومر میں مبتلا ہوئے، وہیں سونالی باندرے بھی کینسر کا شکار ہوئی۔

گزشتہ برس اداکار آیوشمن کھرانہ کی اہلیہ اور فلم لکھاری طاہرہ کشیپ بھی بریسٹ کینسر کا شکار ہوئی تھی۔

سال 2018 میں اداکارہ نفیسہ علی بھی کینسر کا شکار ہوئیں، جب کہ اطلاعات ہیں کہ رشی کپور بھی اس مرض کا شکار ہیں، جو علاج کے لیے امریکا منتقل ہوئے، تاہم انہوں نے کینسر کی تصدیق نہیں کی۔

اگرچہ شاہد کپور کے حوالے سے بھی یہ خبریں سامنے آئیں کہ وہ بھی کینسر کا شکار ہوگئے ہیں، تاہم انہوں نے ان خبروں کی ترید کی تھی۔

لیکن اب ایکشن ہیرو ہریتھیک روشن نے تصدیق کی ہے کہ ان کے والد فلم ساز راکیش روشن بھی کینسر کا شکار ہوگئے۔

ہریتھیک روشن نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں والد کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کے والد کو گلے کی کینسر تشخیص ہوئی ہے، جو ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

اداکار نے اپنے والد کی بہادری کے تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے والد کی سرجری ہونے جا رہی ہے، تاہم سرجری والے دن بھی ان کے والد ایکسرسائیز کے لیے جم جانا نہیں بھولے۔

یہ بھی پڑھیں: رشی کپور کو کینسر کی تشخیص؟

ہریتھیک روشن نے کہا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں راکیش روشن جیسا سربراہ ملا۔

خیال رہے کہ 69 سالہ راکیش روشن نے بطور اداکار کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے 1970 سے 1990 تک 90 کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

بعد ازاں انہوں فلم پروڈکشن سمیت ہدایت کاری میں بھی قسمت آزمائی کی اور خوش قسمتی سے اس شعبے میں بھی وہ کامیاب گئے۔

راکیش روشن نے 3 درجن سے زائد فلموں کو پروڈیوس کیا، انہوں نے پہلی فلم ’آپ کے دیوانے‘ 1980 میں پروڈیوس کی، جس میں انہوں نے اداکاری بھی کی۔

کرن ارجن، کوئلہ، کہو نا پیار ہے، کوئی مل گیا، کرش، کریزی فور، کائیٹ اور قابل جیسی فلموں کو بنانے والے راکیش روشن نے اداکاری اور فلم سازی پر کئی ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

راکیش روشن نے 90 سے زائد فلموں میں اداکاری کی ہے—فوٹو: دکن کیرونیکل
راکیش روشن نے 90 سے زائد فلموں میں اداکاری کی ہے—فوٹو: دکن کیرونیکل

تبصرے (0) بند ہیں