راولپنڈی:کالجز و یونیورسٹیز میں منشیات سپلائی کرنے والا مبینہ اسمگلر گرفتار

08 جنوری 2019
مبینہ منشیات اسمگلر پولیس اہلکاروں کی تحویل میں —فوٹو:ڈان نیوز
مبینہ منشیات اسمگلر پولیس اہلکاروں کی تحویل میں —فوٹو:ڈان نیوز

راولپنڈی کے تھانہ گنج منڈی کی پولیس نفری نے انتہائی مطلوب مبینہ منشیات اسمگلر خرم خالد عرف دادا کو چھاپہ مار کر منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔

مذکورہ ملزم پر جڑواں شہروں کے کالجوں، یونیورسٹیوں اور ڈانس پارٹیوں میں مختلف قسم کی منشیات مثلاً آئس اور ہیروئن وغیرہ سپلائی کرنے کا الزام ہے۔

اس بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کو رات گئے چھاپہ مار کارروائی کر کے گرفتار کیا گیا اور چھاپے کے دوران بھی ملزم کے قبضے سے 4کلو 400 گرام منشیات برآمد ہوئی۔

مزید پڑھیں: ’جو بھی منشیات کے ساتھ پکڑا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی‘

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف صرف تھانہ گنج منڈی میں 14 مقدمات درج ہیں، دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے بھی مبینہ منشیات اسمگلر کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کر رکھے تھے۔

اس بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اسٹیشن ہاؤس افسر(ایس ایچ او) تھانہ گنج منڈی راجہ اعزاز عظیم نے ڈان نیوز کو بتایا کہ گرفتار کرنے پر ملزم نے اس کے بچوں کو اغواء کرنے کی دھمکیاں بھی دیں قبل ازیں وہ پولیس اہلکاروں پر تشدد بھی کرچکا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مبینہ منشیات اسمگلر خرم خالد عرف دادا کو کل(9 جنوری کو) عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکیوں میں منشیات کے استعمال میں 75 فیصد اضافہ ہوا،شیریں مزاری

ایس ایچ او کا مزید کہنا تھا کہ اب راولپنڈی اسلام آباد کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منشیات کا دھندہ رک جائے گا کیونکہ جڑواں شہروں کے تعلیمی اداروں میں اسی منشیات اسمگلر کے کارندے ہیروئن سپلائی کرنے کا کام کرتے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے متعلق ایک بیان میڈیا میں رپورٹ ہوا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں لڑکیاں بھی منشیات استعمال کرتی ہیں جن کی شرح 70 فیصد ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان میں اسکول کی طالبات بھی شامل ہیں۔

شہریار آفریدی کے اس بیان پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے کافی تنقید کی تھی اور بیان کو حقیقت کے برعکس قرار دیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Jan 08, 2019 04:32pm
Police zinda baad........