سعودی عرب: قطیف میں پولیس کی کارروائی، 6 مشتبہ افراد ہلاک

10 جنوری 2019
سعودی عرب کا مشرقی صوبہ 2011 کے عرب انقلاب کے بعد سے کشیدگی کا شکار ہے — فائل فوٹو
سعودی عرب کا مشرقی صوبہ 2011 کے عرب انقلاب کے بعد سے کشیدگی کا شکار ہے — فائل فوٹو

سعودی عرب کی خفیہ ایجنسی کا کہنا ہے کہ قطیف میں پولیس کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران 6 مشتبہ افراد ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’ اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی کے بیان کے مطابق پیر کو جش نامی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر حملے کے دوران ایک شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

بیان کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبے قطیف میں ترقیاتی منصوبے پر حملے کو ناکام بنانے کے دوران کیے گئے آپریشن میں 5 افسران بھی زخمی ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد پر تنقید کے جرم میں نوجوان تاجر گرفتار

خیال رہے کہ سعودی عرب کا مشرقی صوبہ 2011 کے عرب انقلاب کے بعد سے کشیدگی کا شکار ہے، عرب انقلاب کے دوران مظاہرین نے حکومت کی جانب سے کی جانے والی تفریق کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس احتجاجی تحریک کے رہنما نمر النمر کو 2016 میں دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

نمر النمر کی گرفتاری کے بعد خلیجی ممالک سمیت ایران میں کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔

بعد ازاں سعودی حکام نے 2017 میں قطیف کے علاقے میں احتجاجی مرکز ضلع عوامیہ کا قبضہ حاصل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں گرفتار رضاکاروں پر تشدد اور جنسی ہراساں کرنے کا الزام

اس حوالے سے اس وقت انسانی حقوق کی تنظیم نے کہا تھا کہ ان کے پاس سعودی فورسز کے علاقے میں داخل ہو کر اس کا گھیراؤ کرکے قبضہ حاصل کرنے کے سیٹیلائٹ شواہد موجود ہیں۔

تاہم سعودی حکام کی جانب سے دہشت گردوں اور منشیات کے اسمگلروں کو عوامیہ میں کشیدگی کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 10 جنوری 2019 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں