ہاؤس فل 4 کے لیے نیا ہدایت کار مل گیا

11 جنوری 2019
فلم کی 70 فیصد شوٹنگ مکمل کرلی گئی—فوٹو: انڈین ایکسپریس
فلم کی 70 فیصد شوٹنگ مکمل کرلی گئی—فوٹو: انڈین ایکسپریس

بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ہاؤس فل 4 کی شوٹنگ گزشتہ برس اکتوبر میں اس وقت منسوخ کردی گئی تھی جب فلم کے ہدایت کار ساجد خان پر خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے تھے۔

یہی نہیں بلکہ فلم کے اہم اداکار نانا پاٹیکر بھی تنوشری دتہ نے جنسی طور پر ہراساں کے الزامات لگائے تھے، جس وجہ سے فلم کی ٹیم کو اس کی شوٹنگ منسوخ کرنا پڑی۔

ساجد خان پر اداکارہ سلونی چوپڑا، اداکارہ ریچل وائٹ اور صحافی کرشمہ اوپاڈہے نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔

ہدایت کار اور اداکار پر الزامات لگنے کے بعد جہاں فلم کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی تھی وہیں نانا پاٹیکر کو فلم سے نکال دیا گیا تھا اور ان کی جگہ باہو بلی میں ولن کا کردار ادا کرنے والے رانا دگوبتی کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

تاہم اب فلم کے نئے ہدایت کار کا نام بھی سامنے آیا ہے۔

انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ہاؤس فل 4 کی ہدایت کار ساجد فرحاد دیں گے، جو اس سے قبل اسی سیریز کی تیسری فلم کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔

الزامات کے بعد ساجد خان کو ہٹادیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
الزامات کے بعد ساجد خان کو ہٹادیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

ساجد فرحاد نے سیریز کی چوتھی فلم کی ہدایت کاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تاخیر سے بطور ہدایت کار ذمہ داریاں سنبھالنے میں کوئی مشکلات پیش نہیں آئیں، کیوں کہ وہ پہلے ہی اس فلم کی ٹیم میں شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہاوس فل 4‘ کی شوٹنگ منسوخ، وجہ نانا پاٹیکر اور ساجد خان

ساجد فرحاد نے بتایا کہ انہوں نے نہ صرف فلم کی کہانی لکھی، بلکہ وہ اس میں تکنیکی معاونت بھی کرتے رہے اور چوں کہ وہ سیریز کی تیسری فلم کی ہدایات بھی دے چکے ہیں، اس لیے انہیں چوتھی فلم کی آخری وقت میں ہدایت کاری کرنے پر کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔

ساجد فرحاد کا کہنا تھا کہ ان کے اکشے کمار سمیت دیگر اداکاروں سے بھی اچھے تعلقات ہیں اور انہیں ہاؤس فل 4 کی شوٹنگ مکمل کرنے میں کوئی پیش نہیں آئے گی۔

نانا پاٹیکر کی جگہ رانا دگوبتی کو کاسٹ کیا گیا ہے—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
نانا پاٹیکر کی جگہ رانا دگوبتی کو کاسٹ کیا گیا ہے—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

خیال رہے کہ ہاؤس فل 4 کی 70 فیصد شوٹنگ پہلے ہی مکمل کی جا چکی تھی۔

اگرچہ فلم کی ٹیم نے اسے ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم امکان ہے کہ رواں برس کے وسط تک اسے ریلیز کردیا جائے گا۔

اس سیریز کی پہلی فلم ’ہاوس فل‘ 2010 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں اکشے کمار، ریتیش دیش مکھ، ارجن رامپال، دپیکا پڈوکون، لارا دتتا اور بومن ایرانی نے اہم کردار ادا کیے۔

مزید پڑھیں: نانا پاٹیکر کی جگہ ‘باہو بلی‘ ولن نے لے لی

ہاؤس فل ٹو‘ 2012 میں سامنے آئی۔ اس فلم میں اکشے اور ریتیش کے ساتھ جون ابراہم، آسن، جیکولین فرنینڈز، زرین خان، رشی کپوراور رندھیر کپور نظر آئے۔

اس سیریز کی پہلی دونوں فلموں کی کامیابی کے بعد تیسری فلم 2016 میں ریلیز کی گئی، جس میں اکشے کمار، ابھیشک بچن، رتیش دیش مکھ، جیکولین فرنانڈس، نرگس فخری، متھن چکرورتی اور بومن ایرانی نظر آئے تھے۔

اب اس سیریز کی چوتھی فلم ریلیز کی جائے گی۔

اس سیریز کی فلموں کو تجزیہ کاروں کے منفی ریویوز تو ملے تاہم یہ باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔

سیریز کی تمام فلمیں کامیاب گئی—پرومو فوٹو
سیریز کی تمام فلمیں کامیاب گئی—پرومو فوٹو

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں