کابل: مغربی اور شمالی افغانستان میں طالبان کے حملوں کی نئی لہر میں سیکیورٹی فورسز کے 21 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی 'اے پی' کے مطابق مغربی صوبے بادغیس کے گورنر کے ترجمان جمشید شہابی نے کہا کہ دہشت گردوں نے حملوں میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جس سے 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔

شمالی بغلان صوبے کی کونسل کے رکن شمس الحق بارکزئی کا کہنا تھا کہ طالبان کے حملوں میں وہاں مقامی پولیس کے 7 اہلکار ہلاک ہوئے۔

ادھر شمالی صوبے تخار کی کونسل کے رکن روح اللہ روفی نے کہا کہ صوبے میں 8 پولیس اہلکاروں کو قتل کیا گیا۔

دہشت گردوں کے ان حملوں میں سیکیورٹی فورسز کے 23 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان:قندھار میں طالبان کے حملے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک

طالبان نے تمام حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔

واضح رہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے افغان سیکیورٹی فورسز پر تقریباً روز ہی حملے کیے جارہے ہیں، جن کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہورہا ہے۔

تاہم افغان حکومت جانی نقصان کے سرکاری اعداد و شمار سامنے نہیں لا رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں