خیبر پختونخوا میں 16ماہ کی بچی پولیو وائرس کا شکار

11 جنوری 2019
بچی میں گزشتہ 10دسمبر کو پولیو کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں— فائل فوٹو
بچی میں گزشتہ 10دسمبر کو پولیو کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں— فائل فوٹو

خیبر پختونخوا میں ایک پولیو کا کیس منظر عام پر آیا اور ضلع لکی مروت کی 16ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے آفیشلز کے مطابق یہ 2018 میں سامنے آنے والا نواں کیس تھا جو ضلع لکی مروت کے علاقے مرمندو اعظم میں رپورٹ ہوا۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ایک آفیشل کے مطابق بچی کے نمونے دسمبر 2018 میں لیے گئے تھے لہٰذا یہ کیس گزشتہ سال کا تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بچی میں گزشتہ 10دسمبر کو پولیو کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں جس کے بعد مرض کی تصدیق کے لیے حکام نے اس کے نمونے فوری طور پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کو بھیجے۔

آفیشل نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ نے آج اپنی رپورٹ میں تصدیق کی کہ بچی پولیو وائرس کا شکار ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل لکی مروت میں پولیو کا آخری کیس ستمبر 2017 میں رپورٹ ہوا جب 2سالہ تاجہ زئی میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں