پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم اپنے بھائی کی بے نامی دار ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ ’کیا تھے وہ ذرائع جس سے علیمہ باجی نے اربوں روپے کی پراپرٹی خریدی؟‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’اصل میں علیمہ باجی عمران خان کی بے نامی دار ہیں‘۔

مزید پڑھیں: ’وزیراعظم کی بہن کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ان جائیدادوں کے ذرائع کا سُراغ شوکت خانم کے فنڈ اور نمل یونیورسٹی کے بورڈ ہیں‘۔

انہوں نے معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’کب بنے گی جے آئی ٹی؟’۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب کے پیغام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے اب تک اپنی زندگی میں خود کوئی بھلائی کا کام نہیں کیا وہ شوکت خانم اور نمل جیسے اداروں کو متنازع نہ بنائیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی حریفوں کی جانب سے ان دونوں اداروں کو متنازع بنانے کا مقصد 'اپنی مرحوم سیاست کو نئی زندگی دینا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا علیمہ خانم کو 2 کروڑ 94 لاکھ روپے جمع کروانے کا حکم

انہوں نے بتایا کہ علیمہ آپا ملک کی وزیراعظم نہیں رہیں اور تمام جائیداد انھوں نے خود ظاہر کی ہے۔

انہوں نے مریم اورنگزیب کی جماعت مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور کہا کہ ’آپ کی سیاست اب جھوٹی کہانیاں گھڑنے تک ہے‘۔

علیمہ خان کا نام 'ای سی ایل' میں ڈالنے کا مطالبہ

وزیر بلدیات سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی نے وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ علیمہ خان کی بیرون ملک موجود مبینہ جائیداد کی تحقیقات ہونی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کبھی گورنر راج اور کبھی وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کی باتیں کی جاتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں