پولیس نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ طور پر چینی شہری پر چاقو سے حملہ کرکے اس سے 30 لاکھ کیش اور دیگر قیمتی سامان چوری کرنے والے 2 سیکیورٹی گارڈز کو جامشورو سے گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کریم کھرل نے کہا کہ گرفتار ملزمان 'پولیزیا' نامی نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں زخمی ہونے والا چینی شہری شی چنگ پو کراچی میں مقیم ہے اور یہاں اس کا نجی کاروبار ہے۔

درخشاں پولیس کا کہنا تھا کہ شی جنگ پو جمعرات کی رات کو ڈیفنس فیز 6 میں اپنے گھر پر تھا جب اس کے دو گارڈز نے اس پر چاقو سے حملہ کیا اور 30 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ڈی آئی جی جنوبی نے خصوصی ٹیم تشکیل دی، جو واردات کے بعد کراچی سے فرار ہونے والے ملزمان کو جامشورو ٹول پلازہ سے گرفتار کرنے میں کامیاب رہی۔

یہ بھی پڑھیں: دالبندین میں چینی شہریوں کی بس پر دھماکا، 6 زخمی

پولیس نے ملزمان سے لوٹی گئی رقم، موبائل فون، واقعے میں استعمال ہونے والا چاقو اور پستول بھی برآمد کرلیا۔

زخمی چینی شہری کو علاج کے لیے کلفٹن کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایس ایس پی جنوبی پیر محمد شاہ اور ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز نے اس سے ملاقات کی۔

غیر ملکی شہری کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

ملزمان کی گرفتاری پر آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام نے ڈی آئی جی جنوبی اور ڈی آئی جی حیدر آباد کی کارکردگی کو سراہا۔

تبصرے (0) بند ہیں