حادثے میں پولیس اہلکار کی ہلاکت، سابق وزیراعظم اور ڈرائیور کے خلاف دعویٰ دائر

اپ ڈیٹ 12 جنوری 2019
مدعی کے مطابق حادثے کی ذمہ دار گاڑی سابق وزیراعظم کی ملکیت ہے — اے ایف پی فائل فوٹو
مدعی کے مطابق حادثے کی ذمہ دار گاڑی سابق وزیراعظم کی ملکیت ہے — اے ایف پی فائل فوٹو

اسلام آباد: ٹریفک حادثے میں پولیس کانسٹیبل کی ہلاکت پر سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما راجہ پرویز اشرف اور ان کے ڈرائیور عابد نواز کے خلاف عدالت میں دعویٰ دائر کردیا گیا۔

واضح رہے کہ واقع گزشتہ سال پیش آیا تھا۔

مدعی اورنگزیب عباسی، جنہوں نے 'مہلک حادثات ایکٹ 1855' کے تحت عدالت میں دعویٰ دائر کیا، نے ٹریفک حادثے میں اپنے بیٹے پولیس کانسٹیبل ذیشان عباسی کے ہلاک ہونے پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور ان کے ڈرائیور عابد نواز کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان کے خلاف 2 کروڑ روپے تلافی معاوضے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

مزید پڑھیں: تیز رفتاری کے باعث سابق وزیراعظم کا 750 روپے کا چالان

درخواست کے مطابق '22 ستمبر 2018 کو ذیشان اپنی ذاتی موٹر سائیکل نمبر آر آئی این 737 پر اسلام آباد سے فیض آباد آرہا تھا کہ اس دوران تیز رفتار لینڈ کروزر نمبر جی یو 027، جو مدعا علیہ نمبر 2 (عابد نواز) چلا رہا تھا، نے ان کے بیٹے کی موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں ذیشان شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا'۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ حادثے کے بعد ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم انہوں نے ضمانت حاصل کرلی، مدعی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ کیوں کہ مذکورہ گاڑی سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی ملکیت ہے، اس لیے وہ بھی مذکورہ حادثے کے ذمہ دار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور : پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کا چالان

مدعی کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا گھر کا کفیل تھا اور عدالت سے استدعا کی کہ انہیں مدعا علیہ سے 2 کروڑ 6 لاکھ 47 ہزار 2 سو روپے زر تلافی دلوایا جائے۔

عدالت نے کیس کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور ان کے ڈرائیور کو 17 جنوری کو طلب کرلیا۔


یہ خبر 12 جنوری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں