’خوشی ہے سڑک 2 میں اپنی عمر کا کردار نبھارہی ہوں‘

12 جنوری 2019
پوجا بھٹ 18 سال بعد فلمی اسکرین پر جلوہ گر ہونے جارہی ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
پوجا بھٹ 18 سال بعد فلمی اسکرین پر جلوہ گر ہونے جارہی ہیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ اور ہدایت کارہ پوجا بھٹ اپنی فلم ’سڑک 2‘ کے ساتھ طویل عرصے بعد فلمی اسکرینز پر واپسی کرنے جارہی ہیں۔

ان کی آخری فلم ’ایوری بڈی سیز آئم فائن‘ 18سال قبل 2001 میں ریلیز ہوئی تھی۔

پوجا بھٹ ہمیشہ ہی فلموں میں اداکاروں کو اپنی عمر کے کردار جبکہ اداکاراؤں کے فلموں کم کرداروں پر آواز اٹھاتی آرہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ’سڑک 2‘ پر کام شروع

تاہم وہ خوش ہیں کہ 18 سال بعد فلم ’سڑک 2‘ کے ساتھ اسکرین پر واپسی کرتے وہ ایک ایسا ہی کردار نبھانے جارہی ہیں، جو ان کی عمر کا ہی ہوگا۔

اس حوالے سے پوجا بھٹ کا کہنا تھا کہ ’میں نے اداکاری کو خیرباد تو کہہ دیا تھا، لیکن ایک اداکار ہمیشہ اداکار ہی رہتا ہے، زندگی کے میرے کیے کچھ اور ہی منصوبے تھے، جیسے میں اداکارہ نہیں بننا چاہتی تھی، میں خلا باز بننا چاہتی تھی، لیکن سب جانتے ہیں کہ ہوا کیا، میں نے سنی لیون جیسے اداکاروں کو لانچ کیا، ریچا چڈا، جان ابراہم جیسے اداکاروں کے کیریئر کو آگے بڑھایا اور اب زندگی نے مجھے پھر سے سڑک 2 اور ایک ویب سیریز کے ساتھ اداکاری کا موقع دیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: 'سڑک 2 ' کی کاسٹ کا اعلان کردیا گیا

46 سالہ پوجا بھٹ سڑک، زخم اور ڈیڈی جیسی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

جبکہ فلم ’سڑک 2‘ کے ساتھ پوجا بھٹ کے والد مہیش بھٹ بھی ڈائیریکشن کی دنیا میں واپسی قدم رکھ رہے ہیں۔

فلم ’سڑک 2‘ میں پوچا بھٹ کے ساتھ ان کی بہن عالیہ بھٹ بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

اس فلم میں سنجے دت اور ادیتیے روئے کپور بھی کام کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: عالیہ بھٹ ’سڑک 2‘ کی مرکزی اداکارہ

اس حوالے سے پوجا کا کہنا تھا کہ ’میں خوش ہوں کہ اداکاری میں واپس آنے کے بعد میں اپنی عمر کا ہی کردار نبھارہی ہوں، بھارت میں مردوں کی عمر نہیں بڑھتی، لیکن بڑھتی عمر کی خواتین کے لیے کردار کم پڑ جاتے ہیں، اداکاروں سے چھوٹی اداکارائیں فلموں میں ماؤں کا کردار نبھانا شروع کردیتی ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ وہ 1999 کی فلم ’زخم‘ میں اجے دیوگن کی والدہ کا کردار ادا کرچکی ہیں، لیکن اس کی وجہ صرف یہ تھی کہ وہ کردار کاصہ مضبوط تھا۔

یاد رہے کہ فلم ’سڑک 2‘ 1991 کی کامیاب فلم ’سڑک‘ کا سیکوئل ہے۔

فلم ’سڑک‘ میں پوجا بھٹ اور سنجے دت نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔

’سڑک 2‘ 25 مار 2020 میں ریلیز ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں