کراچی ایٹ فیسٹیول 2019: مختلف اقسام کے لذیذ کھانے پیش

اپ ڈیٹ 12 جنوری 2019
کراچی ایٹ فیسٹیول کا آغاز گزشتہ روز ساحل کنارے پارک میں ہوا — فوٹو ڈان اخبار
کراچی ایٹ فیسٹیول کا آغاز گزشتہ روز ساحل کنارے پارک میں ہوا — فوٹو ڈان اخبار

کراچی ایٹ فیسٹیول (کے ای ایف) کا آغاز شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں ساحل سمندر پر قائم ایک پارک میں ہوگیا، جہاں عوام کی بڑی تعداد مقامی و بین الاقوامی لذیذ کھانوں کا ذائقہ چکھنے کے لیے پہنچی۔

فیسٹیول کا انعقاد کرنے والے عمر عماری کا کہنا تھا کہ رواں سال اس فیسٹیول میں 95 کھانوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں سے 56 گھر کے بنے ہوئے کھانے یا نئے ابھرتے ہوئے کھانوں کا کاروبار کرنے والے افراد کے اسٹالز ہیں، جو اس فیسٹیول کا اصل مقصد ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کے ای ایف سے کئی کامیابیوں کی داستانیں سامنے آئی ہیں، جن میں ونگ اِٹ، دیسی گلی، جوسی لوسی وغیرہ شامل ہیں، جنہوں نے اپنے کاروبار کا آغاز کے ای ایف کے ایک اسٹال سے کیا تھا اور بعد ازاں ایک بڑا کاروبار بن کر سامنے آئے۔

بابا مو بھی کراچی میں کھانے پینے کی دنیا میں ایک ایسی کامیاب کہانی ہے جس کا آغاز کراچی ایٹ فیسٹیول سے ہی ہوا تھا۔

بابا مو چلانے والے 2 بھائی عباد اور نبیل کا کہنا تھا کہ جب ہم نے گزشتہ سال کے ای ایف میں حصہ لیا تھا تو ہم کوئی ایسی چیز لانا چاہتے تھے جس کا ذائقہ کراچی نے پہلے کبھی نہ چکھا ہو اور ہمارے جیکٹ پوٹیٹو اور بہترین ٹاپنگ سے ہمیں اتنی امید نہیں تھی کہ ہم اسے اتنا فروخت کریں گے تاہم اس کا نتیجہ اور اس حوالے سے عوامی رائے بہت اچھی رہی اور 3 دن کے لیے جو سامان ہم لائے تھے وہ صرف 5 گھنٹوں ہی میں فروخت ہوگیا تھا‘۔

مزید پڑھیں: کراچی ایٹ فیسٹیول میں آپ کو کیا کھانا چاہیے؟

ان دونوں بھائیوں نے 2 شراکت داروں کے ہمراہ مارچ میں اپنا پہلا ریسٹورینٹ بھی کھولا۔

نبیل کا کہنا تھا کہ ’کراچی کے عوام نئی چیزیں کھانے کی تلاش میں رہتی ہے اور کے ای ایف ایسے لوگوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے‘۔

عماری کے مطابق کے ای ایف منعقد کرنے کا فلسفہ یہ ہے کہ اسے شاندار لیکن عوام کی رسائی تک لانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی ایٹ کا شاندار فیسٹیول

ان کا کہنا تھا کے ای ایف کے اس فلسفے سے تمام شعبہ جات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ایک ساتھ ایک جگہ پر اکٹھے ہوتے ہیں جو ہم نے کے ای ایف کے پہلے روز دیکھا۔

کے ای ایف کے لیے پارکنگ میپ، پروگرامز اور اسٹالز کی فہرست فیسٹیول کے فیس بک پیج پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

کراچی ایٹ فیسٹیول 2019 آج (ہفتہ) اور کل (اتوار) بھی دن ساڑھے 12 بجے سے رات ساڑھے 10 بجے تک جاری رہے گا۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 12 جنوری 2019 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں