شیخ رشید کا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بننے کی خواہش کا اظہار

اپ ڈیٹ 12 جنوری 2019
میں ایک الگ جماعت کی نمائندگی کرتا ہوں اور  سینئر ترین رکنِ اسمبلی کی حیثیت سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بن سکتا ہوں۔۔۔۔ فوٹو: ڈان نیوز
میں ایک الگ جماعت کی نمائندگی کرتا ہوں اور سینئر ترین رکنِ اسمبلی کی حیثیت سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بن سکتا ہوں۔۔۔۔ فوٹو: ڈان نیوز

لاہور: پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ کے حصول کے لیے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھیں گے اور تحریک انصاف سے مطالبہ کریں گے کہ اپنے ایک رکن کو خارج کر کے انہیں کمیٹی میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف کی چیئرمین شپ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کروں گا وہ صرف رکن کی حیثیت سے کمیٹی کے رکن رہیں۔

انہوں نے کہا چیئرمین بن کر میں خود نواز شریف اور شہباز شریف کا احتساب کروں گا, شہباز شریف پر ماڈل ٹاؤن، صاف پانی کمیشن، نندی پور، ملتان میٹرو، آشیانہ ہاؤسنگ کیس سمیت متعدد کیسز ہیں، چنانچہ اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انہیں چاہیے کہ وہ یہ عہدہ نہ لیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی اے سی چیئرمین شپ معاملہ: شیخ رشید کا اپنی حکومت کے خلاف عدالت میں جانے پر غور

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک الگ جماعت کی نمائندگی کرتا ہوں اور سینئر ترین رکنِ اسمبلی کی حیثیت سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بن سکتا ہوں آئین اور قانون میں اس پر کوئی پابندی نہیں۔

ملک میں جاری احتسابی عمل کے حوالے سے اپوزیشن کے اعتراضات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر طرف کرپشن ہے اگر آج اپوزیشن کا احتساب ہورہا ہے تو کل کو ہمارا بھی ہوسکتا ہے، احتساب کرنے والے کو کوئی پسند نہیں کرتا۔

قبل ازیں وزیر ریلوے نے روہڑی اسٹیشن پر ایک نیا پلیٹ فارم بنانے کا اعلان کیا جسے سندھی ثقافت سے مزین کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کی روک تھام کی وجہ سے ریلوے کو ایک ہفتے میں 3 کروڑ روپے کی آمدنی ہورہی ہے۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری، بلال بھٹو کو سیاسی طور پر مروائیں گے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ بغیر ٹکٹ سفر کی اجازت دینے والے افسران کو موقع پر ہی معطل کردیا جائے گا، اس کے لیے ریلوے پولیس کو خصوصی اختیارات دے دیے ہیں جبکہ رات دیر تک ٹکٹوں کی فروخت کے آغاز کے بعد سے 41 ہزار ٹکٹیں زیادہ فروخت ہوئیں۔

انہوں نے 2 مزید ٹرینیں چلانے کا اعلان کرتےہوئے کہا کہ 15 نئی ریل گاڑیاں چلانے کا ہدف تقریباً پورا ہوچکا ہے اور 3 ماہ پہلے ٹکٹ خریدنے کی سہولت بھی متعارف کروادی گئی ہے۔

تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود کرایوں میں اضافے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ٹکٹ کی قیمتوں کے لیے 3 کیٹیگری بنادی گئی ہیں، اب لوگوں پر منحصر ہے کہ وہ کتنے کا ٹکٹ لے کر سفر کرنا چاہتے ہیں تاہم میں ریل گاڑیوں میں فائیو اسٹار سہولیات متعارف کروانے جارہا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اس لیے عوام کرایوں میں اضافے کے لیے تیار رہیں، جو ٹکٹ پانچ ہزار روپے کا ہے وہ سات ہزار روپے کا بھی ہوسکتا ہے، ہم سہولیات کے حساب سے ٹکٹ کی قیمت طے کررہے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

khurram Jan 12, 2019 03:51pm
WADA MAAF GAWAH AISE HI HOTE HAIN JO WAQT PERNE PER BLACK MAIL KRTE HAIN JESE SHEIKH SAHIB