’چنائے ایکسپریس‘ شاہ رخ کی نہیں دپیکا پڈوکون کی فلم تھی، ہدایتکار

12 جنوری 2019
فلم ’چنائے ایکسپریس‘ 2013 میں ریلیز ہوئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم ’چنائے ایکسپریس‘ 2013 میں ریلیز ہوئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ ہدایت کار روہت شیٹھی نے اپنی حال ہی میں ریلیز فلم ’سمبا‘ کے ساتھ باکس آفس پر کئی ریکارڈز توڑ دیے، جبکہ اپنے لیے بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

فلم ’سمبا‘ کی کامیاب کے ساتھ روہت شیٹھی بولی وڈ کے وہ واحد ہدایت کار بن گئے جن کی 8 فلمیں 100 کروڑ کلب کا حصہ بن پائیں۔

مزید پڑھیں: ’سمبا‘ کے ساتھ روہت شیٹھی نے تمام بولی وڈ ڈائریکٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا

اگر بولی وڈ میں روہت شیٹھی کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو ان کی فلموں میں ہمیشہ اداکاروں کو نہایت مضبوط کردار دیا جاتا ہے۔

پھر چاہے ان کی کامیاب فلم سیریز ’سنگھم‘ ہو، یا پھر ’گول مال‘ اور حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ’سمبا‘ سب ہی میں اداکاروں کو مضبوط کردار دیے جاتے ہیں۔

روہت شیٹھی کی کامیاب فلم ’چنائے ایکسپریس‘ میں بھی بولی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا، تاہم خود ہدایت کار کا ماننا ہے کہ یہ فلم شاہ رخ کی نہیں بلکہ اس میں موجود مرکزی اداکارہ دپیکا پڈوکون کی تھی۔

بولی وڈ تجزیہ کار انوپما چوپڑا نے اپنے ایک انٹرویو میں روہت شیٹھی سے فلموں میں اداکاراؤں کو مضبوبط کردار دینے کے حوالے سے سوال کیا۔

تو اس پر ہدایت کار کا کہنا تھا کہ ’چنائے ایکسپریس دپیکا پڈوکون کی فلم تھی، اور اس کے لیے انہیں پورا کریڈٹ بھی ملا، گول مال 3 اجے دیوگن کی نہیں کرینہ کپور، رتنا پاٹھک اور متھن کی فلم تھی، میری فلموں میں اداکاراؤں کو بھی اہم کردار دیے جاتے ہیں، یہ صرف کہانی لکھنے کا فرق ہے، کیوں کہ یہ فلم کمرشل ہیں، اس لیے لوگ ایسے سوالات اٹھا رہے ہیں‘۔

روہت شیٹھی نے مزید کہا کہ ’اداکاراؤں کا میری فلموں میں صرف ڈانس کرنے یا گانے گانے کا کام نہیں ہوتا، آج تک میری واحد ڈیبیو فلم تھی زمین جس میں ایک آئٹم سانگ تھا، اس کے علاوہ کسی فلم میں آئٹم سانگ موجود نہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: رنویر سنگھ کی ’سمبا‘ 200 کروڑ کلب میں شامل

یاد رہے کہ ایسی خبریں بھی سامنے آئیں تھی کہ 2015 میں فلم ’دل والے‘ کی ناکامی کے بعد روہت شیٹھی اور شاہ رخ خان کے درمیان جھگڑا ہوگیا، جس کے بعد ان دونوں نے دوبارہ ساتھ کام نہیں کیا۔

روہت شیٹھی اور شاہ رخ خان نے 2013 کی فلم ’چنائے ایکسپریس‘ کے بعد 2015 کی فلم ’دل والے‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

شاہ رخ خان کے ساتھ ہوئے جھگڑے کے حوالے سے روہت شیٹھی نے کہا کہ ’یہ خبریں بےبنیاد ہیں، میری فلم سمبا کی ایڈنگ شاہ رخ کی کمپنی ریڈ چلیز میں ہوئی، اگر ہمارا جھگڑا ہوتا تو میں وہاں کبھی کام نہ کرتا‘۔

ہدایت کا کے مطابق ’کیوں کہ ابھی ہماری کوئی فلم ساتھ نہیں آرہی تو لوگ ایسی باتیں بنا رہے ہیں‘۔

روہت شیٹھی بہت جلد اپنی اگلی فلم ’سوریاونشی‘ کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے، جس میں اکشے کمار پولیس اہلکار کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں