قتل، بھتہ خوری سمیت 25 جرائم میں مطلوب 'گینگسٹر' لیاری سے گرفتار

اپ ڈیٹ 12 جنوری 2019
لیاری کے علاقے علی محمد محلے میں کارروائی کے دوران شہزاد عرف فیضو دادا کوگرفتار کیا گیا۔۔ فائل فوٹو
لیاری کے علاقے علی محمد محلے میں کارروائی کے دوران شہزاد عرف فیضو دادا کوگرفتار کیا گیا۔۔ فائل فوٹو

پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی کے علاقے لیاری سے قتل، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت 25 سنگین جرائم میں ملوث مشتبہ گینگسٹر کو گرفتار کرلیا۔

سندھ رینجرز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ خفیہ اطلاع پر پیرا ملٹری فورس کی انٹیلی جنس ٹیم نے لیاری کے علاقے علی محمد محلے میں کارروائی کی اور شہزاد عرف محمد عظیم عرف فیضو دادا کو گرفتار کرلیا۔

اعلامیے کے مطابق گرفتار مشتبہ گینگسٹرز کا تعلقہ لیاری گینگ غفار ذکری سے تعلق تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس لیاری میں ہی پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کی ایک مشترکہ کارروائی میں غفار ذکری اپنے کم سن بیٹے سمیت ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: رینجرز کی کارروائی، گینگ وار کے 3 دہشت گرد گرفتار

رینجرز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم ٹارگٹ کلنگ، اداروں پر حملے اور بھتہ خوری کے الزامات پر مطلوب تھا اور اس کے خلاف کم ازکم 25 مقدمات درج تھے جبکہ سندھ حکومت نے اس کی گرفتاری پر 3 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے

ترجمان رینجرز نے گرفتار ملزم کے جرائم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ 2007 سے 2008 تک پولیس پر کم ازکم 11 حملے کیے اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 معصوم شہری بھی جاں بحق ہوئے۔

ملزم کے جرائم کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مشتبہ گینگسٹر نے 2009 میں بھتہ ادا نہ کرنے پر ایک شہری کریم شاہ کو قتل کیا اور 2009 میں ہی غفار ذکری کی ہدایت پر ایک بلوچ شہری کو بھی قتل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:بھتہ خوری کے الزام میں لیاری گینگ وار کے 2 کارندے گرفتار

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم نے 2011 میں ہی غفار ذکری کے حکم پر مبینہ ڈرگ اسمگلر شاہ جہاں کو قتل کیا اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کچھی رابطہ کمیٹی کے ایک رکن کو بھی اغوا کے بعد قتل کیا۔

اغوا برائے تاوان

رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ملزم کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ مشتبہ ملزم نے غفار ذکری کے حکم پراپنے ساتھیوں کے ہمرا 2007 میں اورنگی ٹاؤن سے مراد بخش نامی شہری کو اغوا کیا اور تاوان کے بعد رہا کردیا۔

مزید پڑھیں:کراچی: بھتہ خوری کے الزام میں اورنگی ٹاؤن سے 3 ملزم گرفتار

رینجرز ترجمان کے مطابق مشتبہ ملزم نے لیاری میں مچھلی کے کاروبار سے منسلک میمن برادری سے تعلق رکھنے والے تاجر کو 2010 میں اغوا کیا اور تاوان وصول کرنے کے بعد رہا کردیا اور اسی طرح 2011 میں لیاقت آباد سے بھی ایک شہری کو تاوان وصول کرکے چھوڑ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گینگسٹر نے گرفتاری سے بچنے کے لیے بلوچستان کے علاقے تربت کے ایڈریس پر ایک جعلی شناختی کارڈ بھی بنا رکھا تھا۔

رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گرفتار مشتبہ گینگسٹر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں