قومی ایئرلائن کے ایک کروڑ 86 لاکھ روپے کے ٹکٹس مفت دیے جانے کا انکشاف

13 جنوری 2019
پی آئی اے کی جانب سے مفت ٹکٹیں امیج بلڈنگ کے نام پر دی گئیں۔
پی آئی اے کی جانب سے مفت ٹکٹیں امیج بلڈنگ کے نام پر دی گئیں۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) کی جانب سے ایک کروڑ 86 لاکھ روپے کی مفت ٹکٹیں اور سفری سہولیات فراہم کرنےکا انکشاف کیا گیا یے۔

ڈان نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے مفت ٹکٹیں امیج بلڈنگ کے نام پر دی گئیں۔

دستاویزات کے مطابق جنوری 2018 سے اگست 2018 تک پی آئی اے کی ٹکٹوں پر 3 سو 34 مسافروں نے مفت سفر کیا جن کی مد میں ایک کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوئے۔

مزید پڑھیں : وزیراعظم کی پی آئی اے کو منافع بخش ادارے بنانے کی ہدایت

موصول ہونے والے دستاویزات کے مطابق امیج بلڈنگ کے نام پر 87 لاکھ 95 ہزار 9 سو 20 روپے کے مفت ٹکٹوں کے تحت من پسند افراد کو مفت سفری سہولیات دی گئیں۔

دستاویزات کے مطابق جاری کی گئیں مفت قومی ایئرلائن کی سوشل میڈیا ٹیم اور بیشتر مختلف تنظیموں کو جاری کی گئیں۔

خیال رہے کہ یہ کہا جاتا رہا ہے کہ پی آئی اے کو مالی خسارے کا سامنا ہے، چند ہفتے قبل دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پی آئی اے کو 7 عالمی اور اندرونی پروازوں میں اس وقت 500 ملین روپے کے خسارے کا سامنا ہے۔

قومی ایئرلائن کے مالی خسارے سے متعلق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے 28 دسمبر کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت پاکستان اسٹیل ملز (پی ایس ایم) اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی آئی اے کے 46 ملازمین کی ڈگریاں جعلی ہونے کا انکشاف

اس سے قبل گزشتہ ماہ سول ایوی ایشن (سی اے اے ) حکام نے قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) کے 46 ملازمین کی ڈگریاں جعلی ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

سی اے اے کی جانب سے جاری کی گئی دستاویزات کے مطابق پی آئی اے کے 4 سو 98 پائلٹس میں سے 4 سو 49 نے ڈگریاں جمع کروائیں، 37 پائلٹس نے اب تک ڈگریاں جمع نہیں کروائیں۔

دستاویزات کے مطابق کاک پٹ کے 3 اور کیبن کریو کے 43 ملازمین کی ڈگریاں جعلی قرار پائیں جن میں سے کاک پٹ کے تینوں ملازمین کو معطل کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں