کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: پاکستان کو جیت کیلئے 381 رنز کا ہدف

اپ ڈیٹ 13 جنوری 2019
ڈی کوک نے 18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد 129 رنز بنائے—فوٹو:اے ایف پی
ڈی کوک نے 18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد 129 رنز بنائے—فوٹو:اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 303 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے 381 رنز کا ہدف دے دیا جس کے جواب میں پاکستان نے 3 وکٹوں پر 153 رنز بنا لیے۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو جنوبی افریقہ کا اسکور 5 وکٹوں پر135رنز تھا اور 212 رنز کی مجموعی برتری حاصل تھی۔

ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک نے اسکور کو 195 رنز تک پہنچایا تو حسن علی نے آملا کو آؤٹ کیا جنہوں نے 71 رنز بنائے تھے جس کے بعد ورنن فلینڈر نے 14 رنز بنا کر ڈی کوک کا ساتھ دیا۔

ڈی کوک نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار 129 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کا ساتھ رابادا نے دیا جو 21 رنز بنا سکے۔

شاداب خان نے ڈی کوک اور آخری بلے باز اولیور کو آؤٹ کیا اور جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 303 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تو انہیں پاکستان پر 381 رنز کی واضح برتری حاصل تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی بیٹنگ پھر ناکام، جنوبی افریقہ کی مجموعی برتری 212رنز

پاکستان کی جانب سے شادب خان اور فہیم اشرف نے 3،3 اور محمد عامر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک، ایک وکٹ محمد عباس اور حسن علی کے حصے میں آئی۔

ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور شان مسعود نے پہلی وکٹ میں 67 رنز بنائے تاہم ڈیل اسٹین نے ان کی شراکت کو توڑ کر پاکستان کو نقصان پہنچایا، امام الحق 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ پر شان مسعود اور اظہر علی نے اسکور 74 رنز تک پہنچایا تھا کہ ڈیل اسٹین نے 37 رنز پر بیٹنگ کرنے والے شان مسعود کو بھی پویلین بھیج دیا۔

تجربہ کار بلے باز اظہر علی نے ٹیم کے اسکور 104 تک پہنچانے میں مدد کی لیکن وہ خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور انفرادی طور پر 15 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

اسد شفیق اور بابر اعظم نے ذمہ داری سے اسکور کو دن کے اختتام تک 153 رنز تک پہنچایا اور مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

کیپ ٹاؤن میں جب تیسرے روز کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان کا اسکور 3 وکٹ پر 153 رنز تھا اور جیت کے لیے مزید 228 رنز درکار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں