سندھ میں ان ہاؤس تبدیلی کی حمایت کریں گے، جی ڈی اے

13 جنوری 2019
پیر پگارا کی صدارت میں جی ڈی اے کا اجلاس گھوٹکی میں ہوا—فائل/فوٹو:ڈان
پیر پگارا کی صدارت میں جی ڈی اے کا اجلاس گھوٹکی میں ہوا—فائل/فوٹو:ڈان

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے سندھ حکومت کو غیر آئینی و غیرقانونی طریقے سے ہٹانے کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان ہاؤس تبدیلی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

جی ڈی اے اور مسلم لیگ فنگشنل کے سربراہ پیرپگارا کی زیرصدارت جی ڈی اے کا اجلاس گھوٹکی کے علاقے خان گڑھ میں جی ڈی اے رہنما سردار علی گوہر خان مہر کی رہائش گاہ میں ہوا جہاں جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ایازلطیف پلیجو، سابق وزیراعلی ارباب غلام رحیم، پیر سید صدر الدین شاہ راشدی، سردار علی گوہر خان مہر و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورت حال، وزیراعظم عمران خان کے دورہ گھوٹکی اور وفاقی حکومت کے رویے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ایازلطیف پلیجو نے اجلاس کےبعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے سندھ میں تبدیلی کے حوالے سے کسی غیرآئینی و غیر قانونی اقدام کاحصہ نہیں بنے گی تاہم ان ہاؤس تبدیلی کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:تحریک انصاف کی وزیرِاعلیٰ سندھ کو برطرف کرنے کی کوششیں جاری

بریفنگ کے دوران پیر سید صدرالدین شاہ راشدی، سردار علی گوہر مہر اور ارباب غلام رحیم بھی موجود تھے جنہوں نے کہا کہ زرداری پارٹی میں اب گھوٹکی تک آنے کی ہمت اور طاقت باقی نہیں رہی ہے اور وہ اسلام آباد جانے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس فنڈزموجود ہیں لیکن ان میں عوام کی بھلائی کے لیے خرچ کرنے کی اہلیت نہیں ہے تو وہ وفاق سے فنڈز کیسے مانگ رہی ہے۔

جی ڈی اے رہنماؤں نے کہا کہ سندھ میں کرپشن کا راج ہے اور عوام کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہیں، سندھ میں گنے کی قیمتیں کم کرکے کاشت کاروں کامعاشی قتل عام کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:صوبے میں فارورڈ بلاک بنانے کیلئے گورنر سندھ متحرک

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں حکومت نے تمام ادارے تباہ کردیے ہیں اس موقع پر سندھ اسمبلی کے درجن ممبر ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔

جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے 12سے زائدارکان سے رابطے ہیں۔

خیال رہے کہ دو ہفتے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین صوبائی اسمبلی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کئی اراکین ان سے رابطے میں ہیں اور جلد ہی سندھ حکومت کا خاتمہ ہوگا۔

جی ڈی اے رہنما علی گوہر خان مہر اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے وزیرِاعظم ہاؤس میں عمران خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی تھی جہاں مذکورہ معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقیاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر الزامات آنے کے بعد انہیں اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں