دیا مرزا فلم ساز راج کمار کی 2 فلموں میں کام کر چکی ہیں—فوٹو: فاکس نیوز پوائنٹ
دیا مرزا فلم ساز راج کمار کی 2 فلموں میں کام کر چکی ہیں—فوٹو: فاکس نیوز پوائنٹ

بولی وڈ ہدایت کار راج کمار ہرانی پر ایک روز قبل ہی ان کے ساتھ فلم ’سنجو‘ میں کام کرنے والی ایک خاتون نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

اگرچہ خاتون کا نام سامنے نہیں آیا، تاہم اب اطلاعات آئی ہیں کہ متاثرہ خاتون ’سنجو‘ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھیں۔

خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ راج کمار ہرانی نے انہیں مارچ سے ستمبر 2018 کے دوران سنجو کی پروڈکشن کے درمیان جنسی طور پر ہراساں کیا۔

خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ راج کمار ہرانی نے انہیں کم سے کم 2 بار جنسی طور پر ہراساں کیا اور انہوں نے مجبوری میں یہ سب کچھ برداشت کیا۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون کا راج کمار ہرانی پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام

متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ جن دنوں انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا، ان دنوں ان کے والد سخت بیمار تھے اور انہیں نوکری کی ضرورت تھی، اس وجہ سے وہ خاموش رہی۔

گزشتہ برس ریلیز ہونے والی سنجو سے قبل لگے رہو منا بھائی میں بھی دیا مرزا کام کرچکی ہیں—فائل فوٹو: بھارت اسٹوڈنٹ
گزشتہ برس ریلیز ہونے والی سنجو سے قبل لگے رہو منا بھائی میں بھی دیا مرزا کام کرچکی ہیں—فائل فوٹو: بھارت اسٹوڈنٹ

تاہم بعد ازاں خاتون نے راج کمار ہرانی کے قریبی ساتھیوں اور فلم سنجو کے شریک پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا، ان کی اہلیہ انوپما چوپڑا، سنجو کے لکھاری ابھیجیت جوشی اور ان کی اہلیہ کو ای میل کرکے بتایا تھا کہ انہیں فلم ساز نے جنسی طور پر ہراساں کیا۔

خاتون کی جانب سے الزامات سامنے آنے کے بعد راج کمار ہرانی نے انہیں جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوتا کہ خاتون میڈیا میں بات کرنے کے بجائے پروفیشنل انداز میں معاملے کی شکایت درج کرواتیں۔

مزید پڑھیں: خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کے الزامات کے بعد ’منا بھائی 3‘ منسوخ

خبر سامنے آنے کے بعد جہاں راج کمار ہرانی کی آنے والی فلم ’منا بھائی تھری‘ کی تیاری کو منسوخ کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں، وہیں آنے والی فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ سے بھی انہیں خارج کیے جانے کا امکان ہے۔

راج کمار ہرانی ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا کے شریک پروڈیوسر ہیں۔

دیا مرزا نے راج کمار کو اچھی شخصیت کا مالک بھی قرار دیا—فوٹو: دی ایشین ایج
دیا مرزا نے راج کمار کو اچھی شخصیت کا مالک بھی قرار دیا—فوٹو: دی ایشین ایج

خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے پر جہاں ان کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں، وہیں ان کے ساتھ ’سنجو‘ اور ’لگے رہو منا بھائی‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ دیا مرزا نے بھی ان کی شخصیت اور کردار پر بات کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

پنک ولا سے خصوصی بات چیت میں دیا مرزا نے کہا کہ انہیں راج کمار ہرانی پر لگائے گئے الزامات کی خبر پڑھ کر سخت دھچکا لگا اور انہیں بہت ہی پریشانی ہوئی۔

الزامات کی تفتیش کے لیے کمیٹی بنائی جائے، اداکارہ—فوٹو: پنک ولا
الزامات کی تفتیش کے لیے کمیٹی بنائی جائے، اداکارہ—فوٹو: پنک ولا

دیا مرزا کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر بہت زیادہ بات نہیں کرنا چاہتی، کیوں کہ تاحال انہیں راج کمار ہرانی پر لگائے گئے الزامات سے متعلق مکمل آگاہی نہیں۔

’سنجو‘ میں سنجے دت کی اہلیہ منایا دت کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کا کہنا تھا کہ راج کمار ہرانی پر لگائے گئے الزامات کے بعد ان کی غیر جانبدارانہ تحقیق کے لیے ایک قانونی کمیٹی بنائی جانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سنجو‘ کی جادو کی جھپی نے ریکارڈ الٹ پلٹ کردیے

دیا مرزا کے مطابق انہوں نے راج کمار ہرانی کے ساتھ کئی سال تک کام کیا ہے اور وہ اچھی شخصیت کے مالک ہیں، تاہم ان پر خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کی خبر نے انہیں سخت پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔

اداکارہ نے مطالبہ کیا کہ راج کمار ہرانی کے خلاف لگائے گئے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کی تفتیش کے لیے قانونی کمیٹی بنائی جائے۔

سنجو میں دیا مرزا نے سنجے دت کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ
سنجو میں دیا مرزا نے سنجے دت کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں