حرم شریف کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں 'جھینگروں' کے حملے کی وجوہات کا سراغ لگانے کے لیے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔

سعودی عرب کے اخبار 'اردو نیوز' کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی اور حشرات کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی حرم شریف میں جھینگروں کے حملے کے اسباب کے علاوہ آئندہ اس پر قابو پانے کے لیے لائحہ عمل طے کرے گی۔

اس سلسلے میں ماہرین نے حرم شریف کے مختلف حصوں سے نمونے لینا شروع کر دیئے ہیں جن کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا جائے گا۔

کمیٹی کے ماہرین نے کہا کہ حرم شریف کے زائرین کو جھینگروں کی موجودگی سے کوئی خطرہ نہیں، جھینگر انسان کے لیے نقصان کا باعث نہیں تاہم اس کی آواز سے پریشانی ضرور ہوتی ہے۔

دوسری جانب صفائی کمیٹی نے مسجد الحرام سے بڑی حد تک جھینگروں کا صفایا کردیا ہے، جبکہ اسپرے کا عمل بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے حرم شریف میں کالے جھینگوں کی بہتات زائرین کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن گئی تھی۔

مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے حرم شریف سمیت شہر میں جھینگروں کے خاتمے کے لیے جراثیم کش دوا کا اسپرے کیا تھا، جبکہ مسجد الحرام کے زائرین کو جھینگروں سے نجات دلانے کے لیے مشینوں کے ہمراہ متعدد ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں