کابل کے غیرملکی کمپاؤنڈ میں کار بم دھماکا، 4 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2019
کابل میں کار بم دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کی ہوئی ہے— فوٹو: اے پی
کابل میں کار بم دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کی ہوئی ہے— فوٹو: اے پی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں غیر ملکی کمپاؤنڈ کے قریب کار بم دھماکے میں 4 افراد ہلاک اور 90 سے زائد زخمی ہو گئے۔

دھماکا انتہائی محفوظ تصور کیے جانے والے گرین ولیج کے پاس ہوا جس کی شدت نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔

مزید پڑھیں: افغانستان: طالبان کے حملے میں 21 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نصرت رحیمی نے دھماکے میں 4 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں 23 بچوں سمیت 90 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں سے تین سیکیورٹی فورسز کے اہلکار اور ایک شہری شامل ہے جبکہ زخمیوں میں سے اکثر عام شہری ہیں۔

کچھ عرصے پہلے تک اس کمپاؤنڈ میں اقوام متحدہ کا عملہ کام کرتا تھا لیکن حکام کے مطابق یہ علاقہ اب تقریباً خالی ہے اور یہاں محض چند سیکیورٹی گارڈز رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی، افغان فورسز 2018 میں شہریوں پر حملوں کے ذمہ دار ہیں، طالبان

ایک حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ پولیس کے خصوصی دستوں کو علاقے میں تعینات کردیا گیا ہے تاکہ کسی حملہ آور کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر کارروائی کی جا سکے۔

یہ دھماکا شام کے وقت ہوا تھا جب سڑکوں پر آمدورفت عموماً زیادہ ہوتی ہے اور اسی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد زخمی ہوئی۔

اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں غیر ملکی کمپاؤنڈ میں واقع برطانوی سیکیورٹی کمپنی G4S کے دفتر پر طالبان نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں برطانوی سیکیورٹی کمپنی پر خودکش حملہ، 10 افراد ہلاک

ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن یہ حملہ 17سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے کچھ عرصے سے جاری سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہو سکتا ہے۔

افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اس جنگ کے پرامن خاتمے کے لیے گزشتہ ماہ طالبان کے وفد سے ابوظہبی میں ملاقات کی تھی اور وہ ایک مرتبہ پھر افغانستان آ رہے ہیں جہاں 21 جنوری تک جاری رہنے والے دوروں کے دوران وہ پاکستان، بھارت اور چین بھی جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Kazim Jan 14, 2019 11:13pm
Inna lillahy wa inna lillahy rajeon