سری دیوی کی زندگی اور موت پر بنائی گئی فلم تنازع کا شکار

15 جنوری 2019
فلم میں سری دیوی کو پرتعیش زندگی گزارتے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
فلم میں سری دیوی کو پرتعیش زندگی گزارتے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

گزشتہ برس ایک ویڈیو میں ساتھی کلاس فیلو کو آنکھ مارنے کی ادا سے ایک ہی رات میں اسٹار بن جانے والی بھارتی اداکارہ پریا پرکاش وریئر کی پہلی بولی وڈ فلم ’سری دیوی بنگلو‘ کا ٹیزر سامنے آتے ہی تنازع کھڑا ہوگیا۔

پریا پرکاش وریئر کی اس فلم کے 2 منٹ سے بھی کم دورانیے کے ٹریلر میں انہیں ایک نوجوان اور خوبرو اداکارہ کے طور پر دکھایا گیا ہے، جو بظاہر پر تعیش زندگی گزارتی نظر آتی ہیں۔

اگرچہ ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی زندگی سے ملتی جلتی ہے۔

ٹریلر میں پریا پرکاش سری دیوی نامی ایک خوبرو اداکارہ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیتی ہیں، جو شراب نوشی اور سوئمنگ پول میں نہانے سمیت پرتعیش زندگی گزارتی نظر آتی ہیں۔

ٹریلر میں سری دیوی کو خوبرو اداکارہ کے طور پر دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
ٹریلر میں سری دیوی کو خوبرو اداکارہ کے طور پر دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

ساتھ ہی ٹریلر میں خوبرو اداکارہ کی زندگی میں کچھ چھپے مسائل کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

ٹریلر کے اختتام پر دکھایا گیا ہے کہ پرتعیش زندگی گزارنے والی خوبرو اداکارہ ایک باتھ ٹب میں بے ہوشی کی حالت میں گر جاتی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ برس دبئی کے ایک ہوٹل میں باتھ ٹب میں نہانے کے دوران بے ہوشی کے بعد ڈوب کر ہلاک ہوجانے والی اداکارہ سری دیوی کی زندگی کی کہانی بھی اس فلم سے ملتی جلتی ہے۔

جہاں اس فلم کے ٹریلر کے آخر میں اداکارہ کو باتھ ٹب میں بے ہوش ہوتے دکھایا گیا ہے، ٹھیک اسی طرح فروری 2018 میں سری دیوی دبئی کے ہوٹل کے باتھ ٹب میں بے ہوش ہونے کے بعد ڈوبنے سے چل بسی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سری دیوی بنگلو آنجھانی سری دیوی کی زندگی کی فلم؟

علاوہ ازیں ٹریلر میں اداکارہ کی دکھائی گئی پرتعیش زندگی بھی سری دیوی کی حقیقی زندگی سے ملتی جلتی ہے۔

سری دیوی کا کردار پریا پرکاش وریئر نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
سری دیوی کا کردار پریا پرکاش وریئر نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

اگرچہ پریا پرکاش اور فلم کی ٹیم نے اس بات کا دعویٰ نہیں کیا کہ یہ فلم سری دیوی کی زندگی پر ہی بنائی گئی ہے، تاہم ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ فلم ان کی زندگی پر ہی بنائی گئی ہے۔

ٹریلر سامنے آنے کے بعد آنجھانی اداکارہ سری دیوی کے شوہر فلم ساز بونی کپور نے ’سری دیوی بنگلو‘ کے فلم ساز کو قانونی نوٹس بھی بھجوادیا۔

ٹائمز ناؤ نے اپنی رپورٹ میں ایک اور شوبز ویب سائیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بونی کپور نے ’سری دیوی بنگلو’ کی ٹیم کو اپنی آنجھانی بیوی کی زندگی پر فلم بنانے کے معاملے پر قانونی نوٹس بھجوادیا۔

دوسری جانب ’سری دیوی بنگلو’ کے فلم ساز نے بھی بونی کپور کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس ملنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہیں گزشتہ ہفتے ہی نوٹس ملا تھا اور وہ اس نوٹس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ٹریلر کے آخر میں سری دیوی کو باتھ ٹب میں ڈوبتے ہوئے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
ٹریلر کے آخر میں سری دیوی کو باتھ ٹب میں ڈوبتے ہوئے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

’سری دیوی بنگلو’ کے فلم ساز کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابتدائی طور پر بونی کپور کو بتایا ہے کہ سری دیوی بھارتی خواتین کا عام نام ہے، البتہ ہمارے فلم کی کہانی اتفاق سے ایک اداکارہ کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔

فلم ساز نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے فلم کی کہانی سری دیوی کی زندگی اور موت سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے یا نہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ بونی کپور کے قانونی نوٹس کا جواب دیں گے۔

علاوہ ازیں پریا پرکاش نے فلم کی کہانی کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی، انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ فلم کی کہانی سری دیوی کی زندگی سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے یا نہیں۔

بونی کپور نے فلم ساز کو نوٹس بھیج دیا—فوٹو: بولی وڈ لائف/اسکرین شاٹ/یوٹیوب
بونی کپور نے فلم ساز کو نوٹس بھیج دیا—فوٹو: بولی وڈ لائف/اسکرین شاٹ/یوٹیوب

یہ فلم پریا پرکاش کی پہلی بولی وڈ فلم ہوگی، اس سے قبل وہ ملائلم زبان کی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

دلچسپ بات ہے کہ اس فلم کی ہدایات بھی ملائلم فلم ساز پرشانت ممبولی دے رہے ہیں۔

اس فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ سری دیوی گزشتہ برس فروری میں دبئی کے ایک نجی ہوٹل میں نہانے کے دوران باتھ ٹب میں بے ہوش بننے کے بعد ڈوب کر ہلاک ہوگئی تھیں۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے نہانے سے قبل شراب نوشی کی تھی، جس وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں