بھارتی سیاست میں ہلچل مچانے والی فلم کو پاکستان میں نمائش کی اجازت

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2019
فلم کو رواں ماہ 11 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو رواں ماہ 11 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

ایک طرف تو پاکستانی صحافی اور لکھاری بولی وڈ فلم ’منٹو‘ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت دینے کے لیے تاحال احتجاج میں مصروف ہیں۔

تاہم دوسری طرف یہ خبر سامنے آئی ہے کہ پاکستان کے فلم سینسر بورڈ نے بھارتی سیاست میں ہلچل مچانے والی انوپم کھیر کی فلم ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ کو ملک میں نمائش کی اجازت دے دی۔

اگرچہ اس فلم کو بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں رواں ماہ 11 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے ابتدائی تین دن کے اندر بھارت سے صرف 12 کروڑ روپے ہی بٹورے تھے۔

تاہم اب فلم کو بھارت اور دیگر ممالک کے بعد رواں ماہ 18 جون کو پاکستان میں بھی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

انڈین ایکسپریس نے اپنی خبر میں فلم کی ڈسٹری بیوشن کرنے والے فلم اسٹوڈیو کے عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے فلم سینسر بورڈ نے ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ کی نمائش کے لیے گرین سگنل دے دیا۔

فلم کے پروڈیوسر کے مطابق ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ کو پاکستان میں نمائش کی اجازت مل گئی ہے اور اسے رواں ماہ کے اختتام سے قبل ریلیز کردیا جائے گا۔

اہانا کمرا فلم میں پریانکا گاندھی بنی ہیں—اسکرین شاٹ
اہانا کمرا فلم میں پریانکا گاندھی بنی ہیں—اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ اس فلم کی کہانی بھارت کے سابق وزیر اعظم من موہن سگھ کے وزارت عظمیٰ کے دور کے گرد گھومتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام

فلم کی کہانی من موہن سنگھ کے پریس سیکریٹری کے فرائض سر انجام دینے والے بیورو کریٹ سنجے بارو کی اسی نام سے شائع ہونے والی کتاب سے لی گئی ہے۔

فلم میں سنجے بارو کا کردار بھی ہے، جسے اکشے کھنہ نے ادا کیا ہے۔

ارجن ماتھر نے راہول گاندھی کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
ارجن ماتھر نے راہول گاندھی کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

فلم میں من موہن سنگھ کا کردار انوپم کھیر نے ادا کیا ہے، جب کہ سونیا گاندھی کا کردار اٹالین اداکارہ سوزانے برنرٹ نے ادا کیا ہے۔

مزید پڑھیں: ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر سے بھارتی سیاست میں ہلچل

سونیا گاندھی کی بیٹی پریانکا گاندھی کا کردار اہانا کمرا ادا کرتی دکھائی دیں۔

راہول گاندھی کا کردار ارجن ماتھر نبھاتے نظر آئے جب کہ اس کی ہدایات وجے رتناکر گٹے نے دیں۔

فلم نے ابتدائی تین دن میں 12 کروڑ روپے ہی کمائے—اسکرین شاٹ
فلم نے ابتدائی تین دن میں 12 کروڑ روپے ہی کمائے—اسکرین شاٹ

اس فلم نے ریلیز سے قبل ہی بھارتی سیاست میں ہلچل مچادی تھی اور فلم کو حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حمایت حاصل ہونے کی وجہ سے شائقین خوب دیکھیں گے اور فلم اچھی کمائی کرنے میں کامیاب ہوجائے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

کانگریس نے فلم میں من موہن سنگھ کے وزارت عظمیٰ کے دورانیے کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے الزامات لگانے سمیت اسے اپنے خلاف سازش بھی قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ بننے پر انوپم کھیر کے خلاف مقدمہ درج

فلم میں من موہن سنگھ کا کردار انوپم کھیر نے ادا کیا، جن پر سابق وزیر اعظم کے کردار کو غلط انداز میں پیش کرنے کا مقدمہ بھی دائر کیا گیا تھا۔

انوپم کھیر کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا گیا—اسکرین شاٹ
انوپم کھیر کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا گیا—اسکرین شاٹ

علاہ ازیں کانگریس کی طلبہ تنظیم نے فلم کی نمائش کے خلاف بھارت بھر میں مظاہرے کرنے کا اعلان بھی کیا تھا، ساتھ ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم کو ریاست مدھیا پردیش میں پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا، جہاں حال ہی میں کانگری نے ضمنی انتخابات میں جیت کے بعد حکومت بنائی۔

اگرچہ ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر کے خلاف کانگریس کی جانب سے شدید مظاہروں کی خبریں سامنے نہیں آئیں اور نہ ہی اس فلم پرمدھیا پردیش میں مکمل پابندی کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم پھر بھی یہ فلم اچھی کمائی کرنے میں ناکام رہی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Jan 16, 2019 11:16am
Acting lagta hai achiee ho giee......