بونی کپور نے ساتھی ہدایت کار کے کردار کی صفائی بیان دی—فوٹو: اکانامکس ٹائمز
بونی کپور نے ساتھی ہدایت کار کے کردار کی صفائی بیان دی—فوٹو: اکانامکس ٹائمز

گزشتہ برس ستمبر سے اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام لگانے کے بعد بھارت میں شروع ہونے والی ’می ٹو‘ مہم پر اگرچہ اب بحث کم ہونے لگی تھی۔

تاہم اب ہدایت کار راج کمار ہرانی پر ایک خاتون کی جانب سے الزام لگائے جانے کے بعد اس معاملے پر دوبارہ بحث شروع ہونے لگی ہے۔

’منا بھائی ایم بی بی ایس، پی کے، تھری ایڈیئٹس اور سنجو‘ جیسی فلمیں بنانے والے اداکار راج کمار ہرانی پر گزشتہ ہفتے ایک خاتون نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

راج کمار ہرانی پر ان کے ساتھ فلم ’سنجو‘ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کرنے والی خاتون نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم ساز نے انہیں اپنے دفتر سمیت دیگر مقامات پر جنسی طور پر ہراساں کیا۔

خاتون کا دعویٰ تھا کہ جن دنوں انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا، ان دنوں وہ مجبور تھی، ان کے والد بیمار تھے، جس وجہ سے وہ جنسی ہراساں کیے جانے کے باوجود خاموشی رہیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ تاہم بعد ازاں انہوں نے راج کمار ہرانی کے قریبی ساتھیوں اور فلم سنجو کے شریک پروڈیوسر کو ای میل کرکے فلم ساز کے رویے کی شکایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون کا راج کمار ہرانی پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام

خاتون کی شکایت کے حوالے سے سنجو کے شریک پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا کی اہلیہ اور انوپما چوپڑا اور سنجو کے لکھاری ابھیجیت جوشی نے بھی تصدیق کی تھی اور بتایا کہ انہیں خاتون نے ای میل کیا تھا۔

اگرچہ خاتون کی جانب سے الزامات سامنے آنے کے بعد راج کمار ہرانی نے تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

تاہم اب اس معاملے پر نئی بحث چھڑ گئی۔

راج کمار ہرانی الزامات کو مسترد کرچکے—فوٹو: ہف پوسٹ انڈیا
راج کمار ہرانی الزامات کو مسترد کرچکے—فوٹو: ہف پوسٹ انڈیا

راج کمار ہرانی پر خاتون کے الزامات کے بعد ان کے ساتھ ’سنجو‘ میں کام کرنے والی اداکارہ دیا مرزا نے بھی خاموشی توڑی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ الزامات کی تفتیش کے لیے کمیٹی بنائی جائے۔

دیا مرزا نے ساتھ ہی کہا تھا کہ راج کمار ہرانی اچھے انسان ہیں، انہیں ان کے ساتھ کام کرنے کے دوران کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔

دیا مرزا کے بعد اب نامور فلم ساز بونی کپور نے بھی راج کمار ہرانی کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ فلم ساز کو اچھی طرح جانتے ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق راج کمار ہرانی پر خاتون کے الزامات پر بونی کپور نے سنجو فلم ساز کی حمایت کی اور دعویٰ کیا کہ وہ بہت ہی اچھے انسان ہیں۔

بونی کپور نے راج کمار ہرانی کے کردار کی ساخ دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں جانتے ہیں، وہ اس طرح کا کام کبھی نہیں کرسکتے۔

راج کمار پر الزامات کی تفتیش کے لیے کمیٹی بنائی جائے، دیا مرزا—فوٹو: فاکس نیوز پوائنٹ
راج کمار پر الزامات کی تفتیش کے لیے کمیٹی بنائی جائے، دیا مرزا—فوٹو: فاکس نیوز پوائنٹ

ساتھ ہی بونی کپور نے یہ بھی کہا کہ انہیں راج کمار پر لگائے گئے الزامات پر یقین ہی نہیں۔

بونی کپور نے تفتیش ہونے سے قبل ہی راج کمار ہرانی کو بے قصور قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کی صفائی بیان کرتے رہے۔

مزید پڑھیں: دیا مرزا نے بھی راج کمار ہرانی کے کردار پر خاموشی توڑ دی

اس سے قبل عمران ہاشمی بھی اسی معاملے پر بات کر چکے ہیں، تاہم انہوں نے کسی کی بھی فریق کو سچا یا جھوٹا قرار دینے کے بجائے کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر مکمل تحقیق ہونے سے قبل کچھ نہیں کہ سکتے۔

عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کے حوالے سے سچائی نہیں جانتے، اس لیے وہ کچھ بھی نہیں کہ سکتے۔

راکیش بیدی اور عمران ہاشمی بھی اس معاملے پر بات کر چکے—فوٹو: اے بی پی/ فلمی بیٹ
راکیش بیدی اور عمران ہاشمی بھی اس معاملے پر بات کر چکے—فوٹو: اے بی پی/ فلمی بیٹ

علاوہ ازیں فلم ساز راکیش بیدی بھی اس معاملے پر کہ چکے ہیں کہ اب بھارت میں خواتین کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات عائد کرنا ایک عام بات بن گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کے الزامات کے بعد ’منا بھائی 3‘ منسوخ

واضح رہے کہ خبر سامنے آنے کے بعد جہاں راج کمار ہرانی کی آنے والی فلم ’منا بھائی تھری‘ کی تیاری کو منسوخ کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

وہیں آنے والی رومانٹک فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ سے بھی انہیں خارج کیے جانے کا امکان ہے۔

راج کمار ہرانی ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا کے شریک پروڈیوسر ہیں۔

اس فلم میں پہلی بار انیل کپور اور سونم کپور ایک ساتھ والد اور بیٹی کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

الزامات کے بعد منا بھائی تھری کی تیاری روک دی گئی—اسکرین شاٹ
الزامات کے بعد منا بھائی تھری کی تیاری روک دی گئی—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں