چین: شاپنگ کو بڑھانے کیلئے ہفتہ وار چھٹیوں کے دورانیے میں اضافے کی تیاریاں

15 جنوری 2019
ہفتہ وار چھٹیوں کا دورانیہ ڈھائی روزہ ہوگا—فوٹو:بشکریہ بلومبرگ
ہفتہ وار چھٹیوں کا دورانیہ ڈھائی روزہ ہوگا—فوٹو:بشکریہ بلومبرگ

چین کے صوبے ہیبئی میں گرتی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے مزدوروں اور دفاتر میں کام کرنے والے شہریوں کو ہفتہ وار چھٹیوں کے دورانیے میں اضافے کے لیے جمعے کی آدھی چھٹی دینے کی تیاری کی جارہی ہے تاکہ عوام میں خریداری کا رجحان بڑھے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ ہیبئی کے حکام جن علاقوں کی صورت حال موافق ہو وہاں ہفتہ وار چھٹیوں کے دورانیے میں توسیع پر غور کررہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے دی گئی تجاویز میں کہا گیا ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں کی حکومتیں اسی طرح کے تجربات کرچکی ہیں۔ صوبائی حکومت کا یہ فیصلہ چین میں معاشی تنزلی کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔

ہیبئی میں ہفتہ وار چھٹیوں کے دورانیے میں اضافہ 2019 اور2020 میں کاروباری سرگرمیوں کو بہتر کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے نتیجے میں ہفتہ وار چھٹی 2 روز کے بجائے ڈھائی روزہ ہوجائے گی۔

رپورٹ کے مطابق اشیائے صرف کی کھپت کی راہ میں حائل رکاؤٹوں کو دور کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خریداری کو بڑھانے کے لیے نئے طریقوں پر بحث کی گئی۔

یاد رہے کہ 2015 میں چین کی کابینہ نے تجویز دی تھی کہ جمعے کے روز دوپہر سے ہی ہفتہ وار چھٹی نافذ کی جائے جس کے بعد اطلاعات کے مطابق 10 سے زائد صوبوں کی حکومتوں نے اس تجویز پر عمل درآمد کا اعلان کیا تھا۔

چین کے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ رواں سال مالی اخراجات کو بہتر کیا جائے گا اور ٹیکسوں میں بڑے پیمانے پر کمی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند برسوں میں چین کی معیشت میں سالانہ بنیادوں پر تنزلی ریکارڈ کی گئی ہے اور اس وقت 6.5 فیصد ہے۔ چین اور امریکا کے درمیان 2018 میں معاشی حوالے سے تعلقات بھی کشیدہ رہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں