’مخصوص عمر کے بعد آپ کو کوئی خاص کردار آفر نہیں کیا جاتا‘

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2019
فریدہ جلال نے کامیاب فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں کام کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فریدہ جلال نے کامیاب فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں کام کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

ماضی کی بہترین اداکارہ فریدہ جلال کو بولی وڈ فلموں میں پسندیدہ ماں کے کردار میں دیکھا جاتا رہا ہے، جو عموماً کامیڈی یا رومانوی فلموں کا حصہ بنتی ہیں، تاہم اب وہ ایک ہارر ویب سیریز ’پرچھائی‘ کا حصہ بننے جارہی ہیں۔

اگر آپ کو ایسا لگ رہا ہے کہ وہ اس پروجیکٹ میں کوئی منفرد کردار ادا کریں تو ایسا کچھ نہیں ہے، وہ اس ہارر سیریز میں بھی دادی یا نانی کے روپ میں نظر آنے والی ہیں۔

البتہ فریدہ جلال خود اس بات کو سمجھتی ہیں کہ فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اداکاروں کو ہمیشہ سے بڑھتی عمر کے ساتھ آنے والے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور پھر اسی قسم کے کرداروں کو قبول کرنا پڑتا ہے۔

ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے فریدہ جلال کا کہنا تھا کہ ’ہر اداکار اچھے کردار ملنے کا خواب دیکھتا ہے اور اس کے لیے مواقع ملنا ضروری ہیں، مخصوص عمر کے بعد آپ کو کچھ خاص کرنے کو نہیں دیا جاتا، وہی پرانے کردار دہرانے پڑتے ہیں، ہر پروجیکٹ میں والدہ کا کردار‘۔

’پرچھائی‘ نامی یہ ہارر سیریز کی کہانی رسکن بانڈ نے تحریر کی۔

سیریز میں اپنے کردار کے حوالے سے فریدہ جلال نے بتایا کہ ’میں ایک لڑکے کی دادی بنی ہوں، یہ اس لڑکی کی کہانی ہے جو اپنی ماں کے بارے میں جاننا چاہتا ہے، کہانی ڈراؤنی بھی ہے، اس کی دادی کہانی تو پوری جانتی ہے لیکن بتانا نہیں چاہتی، اس لیے وہ اسے سب باتوں سے دور رہنے کو کہتی ہے، اس لیے میرا کردار کسی ڈراؤنی بات سے نہیں جڑا ہوا‘۔

مزید پڑھیں: 'اپنی موت کی خبروں کو مذاق سمجھا'

خیال رہے کہ فریدہ جلال ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘ اور ’دل تو پاگل ہے‘ جیسی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

وہ 2003 کے کامیاب کامیڈی شو ’شرارت‘ کا بھی حصہ رہیں۔

تاہم اداکارہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اب ان کے لیے ایسے مضبوط کردار بے حد مشکل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’اب سب کچھ تبدیل ہوچکا ہے، مجھے ایسے کردار آفر نہیں کیے جاتے، اگر مجھے ایسا کردار دوبارہ کرنے کو دیئے جائیں تو میں شاید ہاں کرنے سے قبل سوچوں بھی نہیں‘۔

تبصرے (0) بند ہیں