ٹی سیریز کے مالک پر کام کے بدلے جنسی تعلق کا الزام لگانے والی خاتون کا یوٹرن

17 جنوری 2019
بشن کمار کی اہلیہ دیویا کمار کھوسلہ نے بھی شوہر پر لگے الزامات کو مسترد کیا تھا—فوٹو: وکی میڈیا کامنز
بشن کمار کی اہلیہ دیویا کمار کھوسلہ نے بھی شوہر پر لگے الزامات کو مسترد کیا تھا—فوٹو: وکی میڈیا کامنز

نہ صرف بولی وڈ بلکہ بھارت کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کمپنی ’ٹی سیریز‘ کے مالک بشن کمار پر ایک خاتون نے 17 جنوری کو کام کے بدلے جنسی تعلقات کے مطالبے کا الزام عائد کیا تھا۔

ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں خاتون کا نام ظاہر کیے بغیر بتایا تھا کہ خاتون نے ممبئی کے اوشیواڑہ پولیس تھانے میں بشن کمار کے خلاف مقدمہ بھی دائر کروادیا۔

خاتون نے مقدمے کی درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ بشن کمار نے انہیں 2017 میں ریلیز ہونے والی ’بھومی‘ کے وقت کام کے بدلے جنسی تعلقات استوار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

خاتون نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بشن کمار نے انہیں بلیک میل کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے کا ذکر کسی سے نہ کریں۔

ساتھ ہی خاتون نے بشن کمار کے چچا کرشن کمار کے خلاف بھی الزام عائد کیا تھا۔

اگرچہ بشن کمار نے خاتون کے الزامات کو مسترد کردیا تھا، تاہم خاتون نے ان کے خلاف مقدمہ دائر کرادیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ٹی سیریز کے مالک نے کام کے بدلے جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا‘

لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ خاتون نے چند گھنٹوں بعد ہی اپنا مقدمہ واپس لے کر بشن کمار سے معذرت کرلی۔

بشن کمار کی اہلیہ نے ہمیشہ شوہر کا ساتھ دیا—فوٹو: این ڈی ٹی وی
بشن کمار کی اہلیہ نے ہمیشہ شوہر کا ساتھ دیا—فوٹو: این ڈی ٹی وی

انڈیا ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بھارتی خبر رساں ادارے ’ائی اے این ایس‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ خاتون نے بشن کمار کے خلاف دائر کیے گئے مقدمے کی درخواست واپس لے لی۔

رپورٹ کے مطابق خاتون کی جانب سے خبر رساں ادارے کو بھجوائے گئے خط میں اعتراف کیا گیا کہ انہوں نے ٹی سیریز کے مالک پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے۔

خاتون نے تسلیم کیا کہ انہوں نے ڈپریشن اور پریشانی میں بشن کمار کے خلاف جھوٹا مقدمہ دائر کروایا، تاہم اب وہ اس مقدمے کو واپس لے رہی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آزاد طور پر پولیس سے اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ خاتون نے بشن کمار کے خلاف مقدمہ واپس لیا یا نہیں؟

بشن کمار کی کمپنی ٹی سیریز بولی وڈ کی سب سے بڑی کمپنی ہے—فوٹو: بز ایشیا
بشن کمار کی کمپنی ٹی سیریز بولی وڈ کی سب سے بڑی کمپنی ہے—فوٹو: بز ایشیا

دوسری جانب ٹائمز ناؤ نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بشن کمار کے خلاف مقدمہ دائر کرنے والی خاتون نے اپنی درخواست واپس لے لی۔

رپورٹ کے مطابق خاتون کے خلاف بشن کمار کے چچا کرشن کمار نے بلیک میلنگ اور بھتے کی رقم دینے کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ دائر کروایا تھا، جس کے بعد ہی خاتون نے اپنا مقدمہ واپس لیا۔

رپورٹ کے مطابق کرشن کمار نے دعویٰ کیا کہ خاتون نے ان سے پہلے ہی کہا تھا کہ انہیں 16 جنوری تک رقم دی جائے، ورنہ ان کے بھتیجے بشن کمار کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا جھوٹا مقدمہ دائر کرایا جائے گا۔

کرشن کمار کے مطابق خاتون کی جانب سے جھوٹے مقدمے دائر کیے جانے کے بعد ہی ان کے خلاف مقدمہ دائر کروایا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپنے خلاف مقدمہ دائر ہونے کے بعد ہی خاتون نے بشن کمار کے خلاف مقدمہ واپس لیا اور تسلیم کیا کہ انہوں نے جھوٹے الزامات لگائے۔

مزید پڑھیں: جنسی ہراساں کا الزام لگانے والی خاتون کے خلاف بشن کمار کی شکایت درج

ساتھ ہی خاتون نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کرشن کمار کو پیسے دینے کے لیے بھی بلیک میل کیا۔

اس مقدمے واپس لیے جانے کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ بشن کمار کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا۔

اس سے قبل اکتوبر 2018 میں بھی ایک نامعلوم خاتون نے بشن کمار پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا، جس کے خلاف ٹی سیریز کے مالک نے پولیس میں رپورٹ درج کروادی تھی۔

بشن کمار واضح کر چکے ہیں کہ وہ کسی بھی خاتون کے ساتھ کسی طرح کے بھی نازیبا رویے کے معاملے میں ملوث نہیں، انہیں اور ان کی کمپنی کو بدنام کرنے کے لیے ان پر نامعلوم خواتین الزام عائد کرتی ہیں۔

اکتوبر 2018 میں بشن کمار پر الزام لگانے والی خاتون کا نام بھی سامنے نہیں آیا تھا، 17 جنوری 2019 کو ان پر مقدمہ درج کرانے والی خاتون کا نام بھی سامنے نہیں آ سکا۔

بشن کمار کو تمام تقریبات میں اہلیہ دیویا کمار کے ساتھ دیکھا جاتا ہے—فوٹو: بولی وڈ شادیز
بشن کمار کو تمام تقریبات میں اہلیہ دیویا کمار کے ساتھ دیکھا جاتا ہے—فوٹو: بولی وڈ شادیز

خیال رہے کہ ٹی سیریز بھارت اور خصوصی طور پر بولی وڈ کی میوزک پروڈکشن کی سب سے بڑی کمپنی ہے، اس کمپنی کے بینر تلے ہزاروں گانے ریلیز کیے جاچکےہیں۔

اس کمپنی کے تحت نہ صرف گانے بلکہ فلمیں بھی ریلیز کی جا چکی ہیں، اس کمپنی کا شمار بولی وڈ کی سب سے معروف اور بڑی پروڈکشن کمپنیوں میں ہوتا ہے۔

’ ٹی سیریز’ کو بشن کمار کے والد گلشن کمار نے 1980 میں بنایا تھا۔

یہ کمپنی شروع سے ہی زیادہ تر فلموں کی موسیقی کی تیاری کا کام کرتی آئی ہے، تاہم گزشتہ 2 دہائیوں سے یہ فلم پروڈکشن میں بھی اچھا کام کر رہی ہے۔

گلشن کمار 1997 میں 41 برس کی عمر میں چل بسے تھے، جس کے بعد ٹی سیریز کو ان کے بھائی نے سنبھالا، بعد ازاں کمپنی کو ان کے بیٹے بشن کمار نے سنبھالا۔

بشن کمار کی اہلیہ بھی الزام لگانے والی نامعلوم خواتین پر تنقید کرتی نظر آتی ہیں—فوٹو: سانتا بانتا
بشن کمار کی اہلیہ بھی الزام لگانے والی نامعلوم خواتین پر تنقید کرتی نظر آتی ہیں—فوٹو: سانتا بانتا

تبصرے (0) بند ہیں