جاپان کی عدالت نے 'نسان' کے سابق سربراہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی

18 جنوری 2019
کارلوس گھوس کو ٹرائل تک جیل میں رکھے جانے کے امکانات ہیں  — فوٹو: فائل/اے ایف پی
کارلوس گھوس کو ٹرائل تک جیل میں رکھے جانے کے امکانات ہیں — فوٹو: فائل/اے ایف پی

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی عدالت نے مالی بےضابطگیوں کے الزامات میں گرفتار نسان کمپنی کے سابق سربراہ کارلوس گھوسن کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے کارلوس گھوسن کو یہ کہتے ہوئے رہا کرنے سے انکار کردیا کہ وہ اپنے خلاف موجود ثبوت تباہ کرسکتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے ان پر ایک الزام میں باقاعدہ فرد جرم عائد کی گئی تھی اور ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔

نسان کمپنی کے سابق سربراہ کے وکیل نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہیں ٹرائل تک جیل میں رکھے جانے کے امکانات ہیں، جس میں 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: نسان کمپنی کے سابق چیئرمین پر فرد جرم عائد، نئے وارنٹ گرفتاری جاری

ان کی قانونی ٹیم کا کہنا تھا کہ وہ اب سپریم کورٹ سے ضمانت کی درخواست کریں گے۔

کارلوس گھوسن کی جانب سے یہ اپیل اور اس کو مسترد کیے جانے کے واقعات ایک ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب فرانس کی حکومت نے انہیں رینالٹ کمپنی کے سربراہ کی حیثیت سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ جاپانی کمپنیوں نسان اور مٹسوبشی موٹرز نے گرفتاری کے فورا بعد کارلوس گھوسن کو کمپنی سربراہ کے عہدے سے برطرف کردیا تھا، جبکہ رینالٹ کمپنی نے ان کی غیر موجودگی میں ایک نگراں سربراہ کو تعینات کیا تھا۔

حالیہ درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد انہیں مزید 2 ماہ کا قبل از ٹرائل گرفتاری کا سامنا کرنا ہوگا، جس میں ایک ماہ کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

کارلوس گھوسن کی اہلیہ کیرول نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ ’کارلوس گھوسن کو انتہائی مشکل حالات کا سامنا ہے اور اعتراف جرم کروانے کی کوشش میں ان سے مسلسل تفتیش کی جارہی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: کاریں بنانے والی مشہور کمپنی نسان کے چیئرمین کرپشن کے الزام میں گرفتار

خیال رہے کہ گزشتہ برس 20 نومبر کو گاڑیاں تیار کرنے والی مشہور کمپنی 'نسان' کے چیئرمین کارلوس گھوسن کو کمپنی کے مالی معاملات میں ہیرا پھیری کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا، جس نے کاروباری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

پراسیکیوٹر کی جانب سے کارلوس گھوسن پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے ایگزیکٹو گریگ کیلی کے ساتھ مل کر اپنی آمدنی چھپائی، جو تقریباً 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہے۔

خیال رہے کہ گرفتاری کے بعد سے اب تک کارلوس گھوسن کو صرف عدالت میں پیش کیے جانے کے وقت دیکھا گیا تھا، جہاں انہو ں نے خود پر لگے کرپشن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں