سیاسی حکمت عملی بنانے کیلئے 8 رکنی اپوزیشن کمیٹی تشکیل

18 جنوری 2019
اپوزیشن کی 8 رکنی کمیٹی سیاسی حکمت عملی تیار کرے گی—فوٹو: مسلم لیگ (ن)
اپوزیشن کی 8 رکنی کمیٹی سیاسی حکمت عملی تیار کرے گی—فوٹو: مسلم لیگ (ن)

اسلام آباد: ملک کی تمام اپوزیشن جماعتوں نے ایوان کے اندر اور باہر سیاسی حکمت عملی تشکیل دینے کے لیے 8 رکنی کمیٹی بنا دی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ اپوزیشن کی 8 رکنی کمیٹی قومی نوعیت کے تمام سیاسی امور پر حکمت عملی سے متعلق فیصلے کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف متحد، مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق

ذرائع نے بتایا کہ ’اپوزیشن جماعتوں نے 15 جنوری کو کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا جس کا مقصد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکمراں اتحادی جماعتوں کو ٹف ٹائم دینا ہے۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ کمیٹی حکومت کے ساتھ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع سمیت مختلف امور پر بھی بات چیت کرے گی۔

کمیٹی میں ارکان کی شمولیت سے متعلق بتایا گیا کہ دومرکزی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے 3، 3 ارکان جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی (اےاین پی) کے ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا

اس حوالے سے بتایا گیا کہ اپوزیشن رکن قومی اسمبلی نے ڈان کو بتایا کہ مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی، رانا تنویر اور رانا ثناء اللہ کمیٹی رکن ہوں گے۔

مزیدپڑھیں: مہمند ڈیم ٹھیکا عوامی وسائل پر ڈاکہ زنی کے مترادف ہے، شہباز شریف

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ اور شیری رحمٰن کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

8 رکنی کمیٹی میں اے این پی کے امیر حیدر ہوتی اور جے یو آئی کے مولانا واسع شامل ہوں گے۔

دوسری جانب بتایا گیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کو باضابطہ اپوزیشن میں آنے کی صورت میں نمائندگی دی جانے کا امکان ہے کیونکہ گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والے اجلاس میں بی این پی ایم کے ترجمان شامل رہے۔

واضح رہے کہ 15 جنوری کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیمبر میں اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں قومی معاملات پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے اور معاشی امور پر حکومت کو پارلیمنٹ میں ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کا ایوان سے واک آؤٹ، 'این آر او لینے اور نیب مقدمات ختم کرنے کیلئے ہے'

اجلاس میں شاہد خاقان عباسی،خواجہ آصف، سعد رفیق،آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری،خورشید شاہ،شیری رحمٰن،مولانا اسعد محمود، مولانا واسع اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے قبل جب سابق صدر آصف علی زرداری اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے تو قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے دروازے پر ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

آصف زرداری اور شہباز شریف نے مصافحہ کیا، دونوں رہنما ایک دوسرے سے گلے ملے، ان کے درمیان مسکراہٹوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں