آسٹریلیا کو بھارت کے ہاتھوں ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی شکست

اپ ڈیٹ 18 جنوری 2019
بھارت نے سیریز 2-1 سے جیت لی—فوٹو:اے ایف پی
بھارت نے سیریز 2-1 سے جیت لی—فوٹو:اے ایف پی

بھارت نے چاہل کی بہترین باؤلنگ اور مہندرا سنگھ دھونی کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے میزبان ٹیم کو 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے بعد ایک روزہ سیریز میں بھی 2-1 سے شکست دے دی۔

میلبورن میں کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے خود فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت کے بھوونیشور کمار نے الیکس کارے اور ارون فنچ کو صرف 27 رنز پر آؤٹ کرکے آسٹریلیا کے لئے مشکلات کھڑی کردی تھیں تاہم عثمان خواجہ اور شان مارش نے ٹیم کو مشکل سے نکال کر 100 کے ہندسے تک پہنچادیا۔

شان مارش 39 اور عثمان خواجہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ہینڈ کومب نے 58 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی جس میں گلین میکسویل نے 26 رنز بنا کر ساتھ دیا۔

بھارت باؤلرز کی شاندار باؤلنگ کے سامنے آسٹریلیا کی پوریٹیم 49 ویں اوور میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

چاہل نے آسٹریلیا کے 6 وکٹیں حاصل کی، بھوونشور کمار اور محمد شامی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:کوہلی کی 39ویں سنچری، بھارت دوسرے ون ڈے میں کامیاب

ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن نے بظاہر ایک آسان ہدف میچ کے آخری اوور میں حاصل کیا جہاں سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے سست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 87 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح سے ہم کنار کیا۔

جادیو نے ناقابل شکست 61 رنز بنا کر سابق کپتان کا بھر پور ساتھ دیا جبکہ ویرات کوہلی نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت نے میچ کے اختتام سے دو گیندیں قبل ہدف حاصل کرکے میچ 7 وکٹوں سے جیت کر سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

چاہل کو شاندار باؤلنگ پر میچ اور مہندرا سنگھ دھونی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارت کی ٹیم نے آسٹریلیا کی سرزمین میں طویل عرصے بعد ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز میں کامیابی حاصل کر لی حالانکہ دورے کے آغاز میں ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم یہ دورہ ٹیسٹ کے بعد ایک روزہ سیریز میں کامیابی پر منتج ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں