ملازمین کو 'گھٹنوں کے بل چلنے' کی سزا دینے والی چینی کمپنی زیر عتاب

18 جنوری 2019
سالانہ سیلز ہدف پورا نہیں کرنے پر ملازمین کو سزا دی گئی — فوٹوبشکریہ شنگھائسٹ
سالانہ سیلز ہدف پورا نہیں کرنے پر ملازمین کو سزا دی گئی — فوٹوبشکریہ شنگھائسٹ

چین کے مشرقی صوبے شاندونگ میں واقع بیوٹی پراڈکٹ کمپنی کو سیلز کا طے شدہ ہدف پورا نہ کرنے پر ملازمیں کو گھٹنوں کے بل چلنے کی سزا دینے پر تحقیقات کا سامنا ہے۔

اوڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق چینی کمپنی نے 6 ملازمین کو سیلز کا سالانہ ہدف پورا نہ کرنے پر انہیں سڑکوں پر گھٹنوں کے بل چلنے پر مجبور کیا تھا جس پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ توہین آمیز واقعہ رواں ہفتے زاوژوانگ کے شہر میں پیش آیا جس سے راہگیروں کو بھی شدید دھچکا لگا جبکہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں 6 ملازمین کو مصروف ٹریفک میں کمپنی کے نام کا سرخ رنگ کا جھنڈا لے کر چلتے ہوئے شخص کے پیچھے متعدد افراد کو گھٹنوں کے بل چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: چینی کمپنی کا ملازمین کو یومیہ 6 ہزار قدم چلنے کا ہدف ورنہ جرمانہ

ملازمین نے سخت سردی میں صرف آفس کا لباس پہنا ہوا تھا اور شاید ملازمت سے ہاتھ دھونے کے خوف سے جھنڈا بردار شخص کے پیچھے گھٹنوں کے بل چلتے رہے۔

تاہم بعض افراد کی جانب سے پولیس کو اطلاع دیے جانے کے بعد پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر اس ظالمانہ سزا کو روک دیا۔

چینی میڈی کی رپورٹس کے مطابق کمپنی کے ملازمین کو سزا کے طور پر سڑکوں پر گھٹنے کے بل چلنے کی سزا دینے والی کمپنی کا آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا او ر اس کے خلاف تحقیقات بھی جاری ہیں۔

انٹرنیٹ پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بیوٹی مصنوعات کی کمپنی کو شدید تنقید کا سامنا ہے لیکن کمپنی کے ایک منیجر نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ناقص کارکردگی دکھانے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کررہے تھے جو سالانہ سیلز کے اہداف مکمل کرنے میں ناکام ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ملازمین کو سزا کے طور پر 'لال بیگ' کھلانے والی چینی کمپنی زیرعتاب

خیال رہے کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا جب کسی چینی کمپنی نے ملازمین کو ناقص کارکردگی دکھانے پر ظالمانہ سزا دی ہو، گزشتہ برس ایک چینی کمپنی نے سیلز ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے ملازمین کو لال بیگ کھلائے تھے۔

گزشتہ برس چین کے جنوب مغربی صوبے گوئژو کے شہر زونئی میں کمپنی منیجرز اپنے ملازمین کو سیلز کے ہدف کو پورا کرنے میں ناکامی پر لال بیگ کھانے اور اسی طرح کی سخت سزاؤں پر مجبور کرتے تھے۔

اسی طرح کی ایک اور خبر بھی سامنے آئی تھی کہ چین کی ایک رئیل اسٹیٹ کمپنی نے ملازمین کو ورزش کرنے پر آمادہ کرتے ہوئے ماہانہ ہدف طے کیا ہے جس کے حوالے سے کمپنی کے ملازمین نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا ماہانہ ہدف ایک لاکھ 80 ہزار قدم چلنا ہے۔

ملازمین نے بتایا تھا کہ اگر وہ یہ ہدف پورا کرنے میں ناکام ہوجاتے ہیں تو انہیں ہر نامکمل قدم کے بدلے میں اعشاریہ صفر ایک (0.01) یو آن جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

اس سے قبل 2016 میں ایک اور چینی کمپنی نے ملازمین کو سیلز کا ہدف پورا نہ کرنے پر کچے کریلے کھلائے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں