پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں 26 جنوری تک توسیع

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2019
نیب کی جانب سے پیراگون ہاؤسنگ اسکیم میں خواجہ برادران کو گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو
نیب کی جانب سے پیراگون ہاؤسنگ اسکیم میں خواجہ برادران کو گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو

لاہور:احتساب عدالت نے پیرگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برادران، خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں 26 جنوری تک توسیع کردی۔

احتساب عدالت کے جج سید نجم الاحسن نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

اس موقع پر عدالت کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے بتایا کہ خواجہ برادران کا تمام بینک ریکارڈ حاصل کر لیا ہے، تاہم ہماری تحقیقات ابھی جاری ہیں،لہٰذا جسمانی ریمانڈ میں توسیع دی جائے۔

اس پر وکیل امجد پرویز خواجہ برادران نے دلائل دیے کہ مارچ 2018 سے یہ انکوائری چل رہی ہے اور میرے موکل ہر دفعہ ان کے سامنے پیش ہوئے ہیں، لہٰذا آج کی درخواست کے مطابق خواجہ برادران کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ریمانڈ کی بھی ضرورت نہیں تھی کیونکہ خواجہ برادران کے اکاؤنٹس سے کوئی ہیر پھیر نہیں ہوئی۔

وکیل کا کہنا تھا کہ خواجہ برادران کا 40 روز کا جسمانی ریمانڈ ہوچکا ہے، لہٰذا عدالت نیب کی اس درخواست کو مسترد کرے اور ان کے موکل کو جوڈیشل ریمانڈ پر عدالت بھیجے۔

امجد پرویز نے مزید کہا کہ خواجہ برادران کے خلاف کیس ٹھیک ہے یا غلط اسکا فیصلہ ریفرنس میں ہو گا، پیراگون کے ساتھ جو بھی لین دین ہوا ہے وہ قانون کے مطابق ہوا، کوئی ایسا اکاؤنٹ یا ٹرانزیکشن نہیں ہے جو ظاہر نہ کی گئی ہو۔

بعد ازاں عدالت نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع سے متعلق نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

خیال رہے کہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں خواجہ برادران، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق، کو لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت مسترد ہونے پر 11 دسمبر کو حراست میں لیا تھا۔ جس کے بعد اب تک خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے 4 مرتبہ عدالت میں پیش کیا جاچکا ہے

اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے اور لا اینڈ جسٹس کمیشن کے اجلاس میں موجودگی کے لیے خواجہ سعد رفیق کا 3 مرتبہ راہداری ریمانڈ بھی لیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکیم میں نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں 19 جنوری تک توسیع دی تھی۔

عمران خان اپنی مدت پوری کرنا نہیں چاہتے، سعد رفیق

بعدا ازاں احاطہ عدالت میں خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 5 ماہ کی حکومت میں پاکستان کی معیشت کی بنیادیں ہل چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہر چیز کو مشکل بنا دیا ہے یہ دور نہیں رہے گا دور بدلے گا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رویے سے لگتا نہیں یہ اپنی مدت پوری کرے گی، حکومت اپنے بوجھ سے خود گرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اپوزیشن مفاہمت کی بات کر رہی ہے، مینڈیٹ نہ ماننے کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ نظام چلے لیکن عمران خان اپنی مدت پوری کرنا نہیں چاہتے۔

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل

واضح رہے کہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سائٹی میں بڑے پیمانے پر خرد برد کی تحقیقات کا آغاز گزشتہ برس نومبر میں کیا تھا، اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ مذکورہ سوسائٹی خواجہ سعد رفیق کی ہے جبکہ انہوں نے عدالت عظمیٰ میں سوسائٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کے مالک شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ لینے کے الزام میں 24 فروری کو نیب نے گرفتار کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں