ملک میں گیس کی قلت: ایل این جی کے 2 بحری جہاز پورٹ قاسم پر لنگر انداز

پورٹ قاسم اتھاری رات کے اوقات میں بھی جہاز رانی کا آغاز کرے گی—فوٹو: علی زیدی ٹوئٹر
پورٹ قاسم اتھاری رات کے اوقات میں بھی جہاز رانی کا آغاز کرے گی—فوٹو: علی زیدی ٹوئٹر

کراچی: ملک میں جاری گیس بحران سے نمٹنے کے لیے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے 2 بحری جہاز پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگئے۔

پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہونے والے ان جہازوں کی آمد پر وفاقی وزیر سمندری امور علی حیدر زیدی نے ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: گیس پریشر میں کمی، لکڑی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں علی زیدی کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم پر تاریخ رقم ہوئی ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایل این جی کے 2 جہاز بیک وقت لنگر انداز کروائے گئے۔

انہوں نے لکھا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی پہلی مرتبہ رات کے اوقات میں بھی نیویگیشن (جہاز رانی) آغاز کرنے جارہی ہے اور 2 ہفتوں میں یہ عمل شروع کردیا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس عمل کے آغاز کے بعد بندرگاہ پر رش جیسے بڑے چیلنج سے کامیابی سے نمٹ سکیں گے۔

خیال رہے کہ ملک میں گیس کی قلت کا سامنا ہے، جس کے سبب نہ صرف گھریلوں صارفین بلکہ صنعتوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے اور متعدد صنعتوں کی پیداوار متاثر ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدے کو برقرار رکھنے کا اعلان

اسی بحران کے پیش نظر گزشتہ روز صوبہ پنجاب میں صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل کردی گئی تھی۔

قبل ازیں اسلام آباد اور پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز کو بھی غیر معینہ مدت کے لیے گیس کی فراہمی معطل کی گئی تھی، جس کے باعث یہ اسٹیشن بند ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان ملک میں صنعتوں اور پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی دور کرنے کے قطر سمیت دیگر ممالک سے ایل این جی درآمد کرتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں