بھارت: راجستھان میں سوائن فلو سے 40 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2019
راجستھان میں سوائن فلو سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع جودھپور ہے— فائل فوٹو
راجستھان میں سوائن فلو سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع جودھپور ہے— فائل فوٹو

جے پور: رواں سال کے پہلے ماہ کے دوران ہی غیر ملکی سیاحوں میں مقبول بھارتی ریاست راجستھان میں سوائن فلو سے 40 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر ایک ہزار افراد میں اس مہلک وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق گزشتہ برس پورے بھارت میں 11 سو افراد ایچ ون این ون نامی وائرس سے ہلاک جبکہ 15 ہزار کے قریب اس سے متاثر ہوئے تھے، یہ وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔

اس متعدی مرض کے کیسز موسمِ سرما کے دوران ماہِ دسمبر اور جنوری میں بھارت کے مغرب اور شمالی حصوں میں سامنے آئے جس میں راجستھان اور نئی دہلی بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان، اہلیہ سمیت سوائن فلو کا شکار

اپنے خوبصورت محلات کے باعث مشہور ریاست راجستھان کے حکام کے مطابق انہوں نے طبی معالجین کو ہدایت جاری کردی ہے کہ چھٹیاں لینے سے قبل لازمی اجازت حاصل کریں جبکہ متاثرہ مریضوں کی نشاندہی کے لیے گھر گھر جا کر مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ صحت کے حکام نے عوام کو اس مرض کی علامات، احتیاطی تدابیر اور علاج کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کردی ہے جس میں اب تک 5 ہزار ایک سو افراد کا معائنہ کیا جاچکا ہے۔

محکمہ صحت راجستھان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’صرف یکم جنوری سے 17 جنوری تک راجستھان میں سوائن فلو سے 40 افراد ہلاک اور ایک ہزار 36 افراد متاثر ہوئے‘۔

مزید پڑھیں: سوائن فلو کی وباء، احمد آباد میں دفعہ 144 نافذ

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں بھارتی جنتا پارٹی (بئ جے پی) کے سربراہ امیت شاہ بھی ہیں جو اس وقت ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

امیت شاہ پارٹی سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کے معاون بھی ہیں۔

راجستھان میں سوائن فلو سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع جودھپور ہے جہاں 16 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 225 کے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی تاہم اب تک اس حوالے سے کوئی سفری حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا۔


یہ خبر 19 جنوری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں