پتی، پتنی اور وہ

19 جنوری 2019
پہلی بار تینوں اداکار ایک ساتھ نظر آئیں گے—فوٹو: ٹوئٹر
پہلی بار تینوں اداکار ایک ساتھ نظر آئیں گے—فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ میں کامیاب فلموں کے سیکوئل بنانا اب کوئی نئی بات نہیں، تاہم ہندی فلم انڈسٹری میں اب ماضی کی مقبول فلموں کے سیکوئل بنانے کا رواج بھی چل پڑا ہے۔

جہاں ایک طرف یہ خبریں آ رہی ہیں کہ سلمان خان اور عامر خان کی مقبول فلم ’انداز اپنا اپنا‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاریاں ہیں۔

وہیں سنجے دت اور پوجھا بھٹ کی سپر ہٹ فلم ’سڑک‘ کا سیکوئل بنانے پر بھی کام ہو رہا ہے۔

علاوہ ازیں ’کولی‘ اور ’بیوی نمبر ون‘ سمیت دیگر کامیاب فلموں کے سیکوئل بنانے کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں، تاہم فوری طور پر کسی بھی فلم کے سیکوئل کا باقاعدہ اعلان نہیں ہوا۔

لیکن 1978 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ کی مقبول فلم ’پتی، پتنی اور وہ‘ کے سیکوئل کا پہلا پوسٹر سامنے آتے ہی، اس کی مرکزی کاسٹ بھی سامنے آگئی۔

اننیا پانڈے کی تاحال کوئی فلم سامنے نہیں آئی—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
اننیا پانڈے کی تاحال کوئی فلم سامنے نہیں آئی—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

جی ہاں، سنجیو کمار، ودیا سنہا اور رنجیتا کور کی مقبول فلم ’پتی، پتنی اور وہ‘ کا سیکوئل بنانے کا آغاز کردیا گیا۔

ماضی کی مقبول فلم کے سیکوئل میں اداکار کارتک آریان، اننیا پانڈے اور بھومی پڈنیکر جلوے دکھاتی نظر آئیں گی۔

دکن کیرونیکل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اگرچہ پتی، پتنی اور وہ کے سیکوئل کی کاسٹ کا اعلان کردیا گیا، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فلم میں کارتک آریان کی اہلیہ اور دوسری خاتون کا کردار کون ادا کرے گی۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ بھومی پڈنیکر فلم میں کارتک آریان کی اہلیہ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، جب کہ اننیا پانڈے ان کے ساتھ افیئر چلاتی نظر آئیں گی۔

کارتک آریان 10 کے قریب فلموں میں کام کر چکے ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
کارتک آریان 10 کے قریب فلموں میں کام کر چکے ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

فلم کی ہدایت مدثر عزیز دیں گی، جب کہ اسے ٹی سیریز کے بشن کمار اور ابھے اور جنو چوپڑا پروڈیوس کریں گے۔

فلم کی شوٹنگ کا باقاعدہ آغاز فروری سے ہوگا، جب کہ ممکنہ طور پر اسے رواں سال کے آخر تک ریلیز کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پہلی فلم کی کہانی ایک شادی شدہ شخص اور اس کی جانب اپنی ملازمہ اور کنواری خاتون سے رومانوی تعلقات استوار کرنے کے گرد گھومتی ہے۔

سیکوئل فلم کی کہانی بھی اسی طرح ہی ہوگی، تاہم نئی فلم میں کچھ تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ فلم کارتک آریان، بھومی پڈنیکر اور اننیا پانڈے کی ایک ساتھ پہلی فلم ہوگی۔

بھومی پڈنیکر نے 2015 میں کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: ہائی لائٹ انڈیا
بھومی پڈنیکر نے 2015 میں کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: ہائی لائٹ انڈیا

خیال رہے کہ اس فلم کی اداکارہ اننیا پانڈے مقبول اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی ہیں اور ان کی تاحال کوئی فلم سامنے نہیں آئی، وہ فلمی کیریئر کا آغاز رواں برس ریلیز ہونے والی کرن جوہر کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ سے کریں گی۔

اس فلم میں ان کے ساتھ ٹائیگر شروف رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔

کارتک آریان کی اب تک 10 کے قریب فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں، انہوں نے 2011 میں بولڈ کامیڈی فلم ’پیار کا پنچ نامہ‘ سے کیریئر کا آغاز کیا۔

اداکارہ بھومی پڈنیکر کی بھی 8 سے زائد فلمیں سامنے آ چکی ہیں، انہوں نے کیریئر کا آغاز 2015 کی کامیڈی فلم ’دم لگا کہ ہشا‘ سے کیا، وہ اکشے کمار کے ساتھ ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ میں بھی کام کر چکی ہیں۔

فلم کی مرکزی کاسٹ پروڈیوسرز اور ہدایت کار کے ساتھ—فوٹو: ٹوئٹر
فلم کی مرکزی کاسٹ پروڈیوسرز اور ہدایت کار کے ساتھ—فوٹو: ٹوئٹر

تبصرے (0) بند ہیں